تھرپارکر میں موروں کی ہلاکت کاسلسلہ جاری مزید14 ہلاک

نیوکاسل وائرس پالتو پرندوں میں بھی آسکتا ہے، ماہرین،ایدھی کے ڈاکٹروں کی ٹیم پہنچ گئی


Nama Nigar/staff Reporter August 01, 2012
نیوکاسل وائرس پالتو پرندوں میں بھی آسکتا ہے، ماہرین،ایدھی کے ڈاکٹروں کی ٹیم پہنچ گئی۔ فائل فوٹو

تھرپارکر میں موروں کے مرنے کا سلسلہ جاری ہے، منگل کو مزید 14 مور ہلاک ہوگئے جبکہ سیکڑوں بیمار ہیں،ہلاک ہونے والے موروں کی تعداد 126 ہوگئی۔ ایدھی کے ڈاکٹروں کی ٹیم بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی۔ بیمارموروں کی ویکسینیشن شروع ہوگئی۔

24 ویں روز گائوں کھارو میں 3،گائوں موکھار میں 2، چوہنی سمیجہ میں 6، بھابھنگو میں 2 اور گائوں مالیھار بجیر میں ایک مور ہلاک ہوگیا۔ دیگر دیہاتوں میں سیکڑوں موروں کے بیمار ہونے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف نے کراچی سے آنے والی جائزہ کمیٹی کے تھرپارکر پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہونے والے موروں کو دفن کرنا شروع کردیا ہے اور علاقے کے لوگوں کو میڈیا سے دور رہنے کا کہاجارہا ہے۔

علاوہ ازیں سندھ پولٹری ویکسین سینٹرکے ماہرین نے کہاہے کہ تھر میںگزشتہ دو سال موروں میں نمودار ہونے والا نیو کاسل بیماری کا وائرس پالتوپرندوں میں بھی ہوسکتا ہے لہذاگھروں میں پالنے والے پرندوں کی حفاظتی ویکسینیشن کرائی جائے۔ پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تحت چلنے والے سندھ پولٹری ویکسین سینٹر میں متاثرہ موروں سے لیے گئے نمونوں سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ نیوکاسل مرض کے وائرس یا این ڈی وی کا شکار ہے جو پرندوں میں موت کی وجہ بن رہا ہے۔اس مرکز میں تھر میں موروں کی دیکھ بھال پر معمور افراد کو این ڈی وی ویکسین کی 13 ہزار خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔

ایس پی وی سی کے سربراہ ڈاکٹرنذیر حسین کلہوڑو کے مطابق اگرچہ یہ مرض گزشتہ برس بھی موروں کی ہلاکت کی وجہ بنا تھا لیکن اس سال کا وائرس زیادہ ہلاکت خیزی کے ساتھ نمودار ہوا ہے۔ ڈاکٹرنذیر حسین نے کہا کہ نیوکاسل ڈیزیز وائرس کی اقسام لاسوٹا اورکوماروو بھی ہیں جو قومی پیمانے پر ویکسینیشن کے ذریعے ختم کردی گئی تھی۔

ڈاکٹر نذیر نے انکشاف کیا کہ بیمار پرندوںکے نمونوں سے ای کولائی اور سامونیلا بیکٹریا کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ڈاکٹر کلہوڑو کے مطابق موروں کی بڑے پیمانے پر موت میں مون سون بارشوں کی تاخیر کا بھی عمل دخل ہے ۔ پرندوں میں این ڈی وی کی مقدار ظاہر کرتی ہے کہ وہ خوراک کی کمی کا شکار تھے۔ان کی ہلاکت میں شدید گرمی اور خشک سالی کا بھی ہاتھ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں