اب کوئی لانگ مارچ لایا تو میری مرضی سے جائیگا رحمن ملک

کمپنیاں بائیومیٹرک نظام نصب ،صارفین یکم فروری تک اپنی سمیں رجسٹرڈ کرالیں

بعض گروپوں نے حالات خراب کرنیکی منصوبہ بندی کرلی،کراچی میں کارروائیاں طالبان نہیں ایک دھڑے کاکام ہے، میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو: ثناء/فائل

KARACHI:
وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ انٹرنیٹ پر ممنوعہ مواد صارفین تک پہنچنے سے روکنے کیلیے ایک ہفتے میں فلٹر سافٹ ویئر لگایا جائے جس کے بعد یوٹیوب بحال کردی جائے گی۔

عیدمیلا دالنبیؐ پر موبائل فون سروس کی بندش سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ موبائل فون کمپنیاں بائیو میٹرک سسٹم لگائیں اور موبائل صارفین یکم فروری تک اپنی سمیں رجسٹرڈ کرالیں۔

اس کے بعد فارم پر انگوٹھے کا نشان لگائے بغیر کوئی سم جاری نہیں ہوگی ہفتے کوپارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ حکومت کی مدت ختم ہونے میں دو ماہ رہ گئے ہیں، کچھ گروپوں نے حکومت پر دبائو بڑھانے اور حالات خراب کرنے کیلیے حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔




ہم نے صوبائی حکومتوں کو آگاہ کردیا ہے ، لانگ مارچ، دھرنے ، ایل اوسی واقعات اور بھارتی آرمی چیف کا بیان ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے۔ این این آئی کے مطابق رحمن ملک نے کہا کہ کراچی میں طالبان کارروائیاں نہیں کررہے ، یہ کسی ایک دھڑے کا کام ہے۔ طالبان تشدد چھوڑ کر سیدھے راستے پر آجائیں ، اسی میں ان کی بہتری ہے ۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اگر اب کوئی لانگ مارچ کرے گا تو اس کا مقصد صرف اور صرف ملک میں انتخابات ملتوی کرانا ہو گا، اگر کوئی لانگ مارچ اسلام آباد آیا تو جائیگا میری مرضی سے ، ہم نے طاہر القادری کو گرفتار کرنے کا پروگرام بنالیا تھا ۔ دریں اثناء وزیر داخلہ رحمٰن ملک سے برطانیہ کے ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے ملاقات کی ۔

Recommended Stories

Load Next Story