فریزر سے فائدہ اٹھائیے

فریزر دیگر مقاصد میں بھی ہمارے بہت کام آ سکتا ہے۔


May 30, 2017
فریزر دیگر مقاصد میں بھی ہمارے بہت کام آ سکتا ہے۔فوٹو : فائل

دور جدید میں تقریباً ہر گھر میں ریفریجریٹر موجود ہے۔ فریزر اس کا اہم حصہ ہے جو غذائی اشیا منجمد کرنے میں کام آتا ہے تاکہ وہ جلد خراب نہ ہوسکیں لیکن فریزر دیگر مقاصد میں بھی ہمارے بہت کام آ سکتا ہے۔ ان میں سے بعض کا تذکرہ درج ذیل ہے۔

بیج محفوظ کریں
اگر آپ کو باغبانی کا شوق ہے اور آپ کے پاس کافی مقدار میں بیج موجود ہیں تو ان کو تحفظ کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ مگر پہلے یہ یقین کرلیں کہ بیج خشک ہیں ۔ پھر انہیںہوا بند( ائیرٹائٹ) ڈبے میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں۔اس کے بعد جب بھی ضرورت ہو ،بیج نکال کر استعمال کرلیں۔

جینز صاف کیجیے
جینز کی پتلون دھونا اتنا آسان نہیں ہوتا اور ان کے نہ سکڑنے کی بھی ضمانت نہیں ہوتی۔مگر ایک حل ہے۔ جب جینز میں متواتر پہننے کی وجہ سے بو پیدا ہوجائے تو اسے ایک کینوس بیگ میں ڈال کر رات بھر کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔فریزر کا سرد درجہ حرارت جلد کے خلیات سے پتلون میں منتقل ہونے والے وہ جراثیم ختم کردے گا جو بو کا باعث بنتے ہیں۔

مہر بند لفافہ کھولیے
اگر آپ کسی مہر بند یا سیلڈ لفافے کو بغیر پھاڑے کھولنا چاہتے ہیں تو اسے ایک پلاسٹک بیگ میں ڈال کر ایک سے دو گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ پھر اسے باہر نکالیں اور فوری طور پر چھری سے کھول لیں۔ ایک بار جب لفافے تک کمرے کا درجہ حرارت پہنچ گیا،تو اس کی سیل دوبارہ جم جائے گی۔

موم بتی کی زندگی
موم بتیوں کو کسی موقع پر جلانے سے ایک دن قبل فریزر میں رکھ دیں۔اگلے دن نکال کر جلائیں تو موم بتی کی زندگی میں دوگنا اضافہ ہوجائے گا۔وجہ یہ ہے کہ موم ٹھنڈا کرنے سے سست روی سے جلتا ہے۔اکثر اوقات کچھ موم بتیوں میں تو موم ٹپکتا بھی نہیں۔

پلاسٹک کی ریپنگ
پلاسٹک ریپنگ کی شیٹ اگر کسی جگہ پھنس جائے تو اسے چند منٹ کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ مشین کی ٹھنڈک اس کے چپکنے کی صلاحیت کم کردے گی اور اس کو اتارنا آسان ہوجائے گا ۔تاہم اسے کچھ منٹ تک ہی ٹھنڈا کریں ورنہ پلاسٹک کہیں بھی چپک نہیں سکے گا۔

کیڑوں سے نجات
سویٹر یا بیڈ شیٹس کے کیڑے فریزر کے درجہ حرارت میں بچ نہیں پاتے۔اسی لیے اپنے سویٹر یا بیڈ شیٹس وغیرہ جیسی چیزوں کو کسی بڑے پلاسٹک بیگ میں ڈال کر رات بھر کے لیے فریزر میں رکھ دیں اور پھر دھو لیں۔ یہ کپڑے پاک صاف اور مٹی سے مبّرا ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں