چینی کمپنی کی سندھ میں بسیں چلانے میں دلچسپی

صوبے میں مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی لگانا چاہتے ہیں، یوٹانگ بس اینڈ چائنا آپریٹرز


Business Reporter May 31, 2017
وفدکی چیئرپرسن ایس بی آئی سے ملاقات،ناہیدمیمن نے سرمایہ کاری پلان مانگ لیا ۔ فوٹو : فائل

چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن سے منگل کو چینی کمپنی یو ٹانگ بس اینڈ چائنا آپریٹرز کے 11رکنی وفد نے ایس بی آئی آفس میں ملاقات کی اور کراچی سمیت سندھ میں انٹرسٹی بسوں اور انٹرا سٹی بسوں کو چلانے کے لیے سرمایہ کاری کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چینی وفد کی قیادت کمپنی کے جنرل منیجر شی کن رو نے کی۔ چینی وفد نے بتایا کہ ان کی کمپنی سندھ کے مختلف شہروں اور کراچی میں مختلف روٹس پر بسیں چلانے کے لیے سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے کمپنی اپنا مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی لگانا چاہتی ہے۔

چیئرپرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے چینی سرمایہ کاری کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بہت وسیع گنجائش موجود ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت بی آر ٹی منصوبوں اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے چینی وفد سے کہا کہ وہ اپنے منصوبے کی ترجیحات کے ساتھ مکمل تجاویز کا منصوبہ سندھ حکومت کو پیش کریں تاکہ اس سلسلے میں کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں