چیمپئنز ٹرافی پاکستان کوورلڈ کپ کی ٹکٹ کٹوانے کا چیلنج درپیش

ون ڈے رینکنگ میں بہترپوزیشن کیلیے ہرمیچ میں جان لڑانا ہوگی، بنگلہ دیش کے لیے چھٹے نمبرکی رکھوالی سخت امتحان


Sports Desk May 31, 2017
ربادا،ثقلین مشتاق کے بعد کم عمر ٹاپ رینک بولر بن گئے، بیٹسمینوں میں بابر اعظم کوایک درجہ ترقی نے ساتویں نمبر پر پہنچادیا فوٹو : فائل

پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں ورلڈ کپ کی ٹکٹ کٹوانے کا چیلنج درپیش ہے، ون ڈے رینکنگ میں پوزیشن بہتر بنانے کیلیے ہر میچ میں پوری جان لڑانا ہوگی، بنگلہ دیش کے لیے چھٹی پوزیشن کی رکھوالی امتحان بن گئی۔

ادھر کاگیسیو ربادا، ثقلین مشتاق کے بعد کم عمر ٹاپ رینک بولر بن گئے، بیٹسمینوں میں پاکستانی بابر اعظم کو ایک درجہ ترقی نے ساتویں نمبر پر پہنچا دیا، محمد حفیظ کی 20 ویں پوزیشن برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیموں اور کھلاڑیوں کی حتمی رینکنگ جاری کردی گئی ہے، جس میں بدستور آٹھویں نمبر پر موجود گرین شرٹس کے پوائنٹس کی تعداد 88 ہے، وہ اس وقت ساتویں نمبر پر موجود سری لنکا اورچھٹی پوزیشن کی حامل بنگلہ دیش ٹیم سے 5 پوائنٹس پیچھے ہیں، آئی لینڈرز اور بنگال ٹائیگرز دونوں کے ہی 93، 93 پوائنٹس ہیں۔ پاکستان کو ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست جگہ پانے کیلیے بہتر پرفارم کرتے ہوئے رینکنگ میں پوزیشن کو اچھا بنانا ہوگا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو چند اعشاریائی پوائنٹس کی برتری کے باعث ملنے والی چھٹی پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف 3 میچز کی سیریز میں 2-1 کی کامیابی سے انگلینڈ کو 2 پوائنٹس ملے تاہم وہ بدستور پانچویں نمبر پر ہے،پروٹیز ایک پوائنٹ کی کٹوتی کے باوجود ٹاپ پر موجود اور اب بھی انھیں دوسرے نمبر کی آسٹریلوی ٹیم پر 4 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، بھارت تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر رہا۔

نویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز پاکستان سے پورے 9 پوائنٹس پیچھے ہے۔ ادھر تیسرے ون ڈے میں تباہ کن بولنگ کرنے والے جنوبی افریقہ کے 22 سالہ فاسٹ بولر کاگیسو ربادا ایک ساتھ 4 درجے کی چھلانگ لگا کر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے، وہ 1998 میں ثقلین مشتاق کے بعد ٹاپ پوزیشن سنبھالنے والے کم عمر ترین بولر ہیں۔

انھوں نے اپنے ہی ہم وطن عمران طاہر سے یہ ٹاپ پوزیشن چھینی، جوش ہیزل ووڈ ایک درجہ بہتری سے پانچویں درجے پر آگئے،7 درجے ترقی نے لیام پلنکٹ کو 16 ویں نمبر پر پہنچا دیا، عادل رشید 6 درجہ تنزلی سے 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ بیٹسمینوں میں ایک درجہ ترقی پاکر بابر اعظم ساتویں پوزیشن پر آگئے، محمد حفیظ بدستور 20 ویں نمبر پر ہیں، ٹاپ بیٹسمین کا اعزازابراہم ڈی ویلیئرز کے پاس ہے۔ آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ کا دوسرا نمبر جبکہ ٹاپ پوزیشن پر شکیب الحسن موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |