قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری میں اضافہ

پہلی ششماہی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 176فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


Business Reporter January 28, 2013
معاشی سرگرمیاں کم ہونے اور امن و امان کے مسائل کیوجہ سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں کمی کا رجحان ہے۔ فوٹو: فائل

قومی بچت اسکیموں میں منافع کی شرح کم ہونے کے باوجود سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران قومی سرمایہ کاری اسکیموں میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 176فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی تا دسمبر 2011کے دوران ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ اور پرائز بانڈز سمیت متفرق اسکیموں میں مجموعی طور پر 92ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 2012کے دوران ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ اور پرائز بانڈز سمیت متفرق اسکیموں میں 254ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

نیشنل سیونگ حکومت کے لیے سرمائے کے حصول کا اہم ترین ذریعہ بنی ہوئی ہے۔ معاشی سرگرمیاں کم ہونے اور امن و امان کے مسائل کیوجہ سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں کمی کا رجحان ہے دوسری جانب نیشنل سیونگ کی مختلف اسکیموں میں سرمایہ کاری پر منافع کی شرح کم ہونے کے باوجود سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ نیشنل سیونگ کارپوریشن کی جانب سے نئی سرمایہ کاری پراڈکٹس قرار دی جارہی ہیں جن میں 25ہزار روپے مالیت کا پرائز بانڈ، ملک کے پہلے لسٹڈ ٹریڈ ایبل بانڈ ''این ایس بی'' کا اجرا، شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ اور اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈز کا اجرا قرار دی جارہی ہیں۔

2

دوسری جانب نیشنل سیونگز کارپوریشن کی جانب سے عوام کو دی جانے والی سہولتوں، سیونگ سینٹرز کی آٹو میشن سے بھی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں 23ارب روپے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں 19 ارب روپے، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ میں 28.82ارب روپے، پرائز بانڈز میں 29.74ارب روپے جبکہ متفرق اسکیموں میں 153.86ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں 3ارب روپے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں 22.35ارب روپے، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ میں 15.38ارب روپے، پرائز بانڈز میں 17ارب روپے اور متفرق اسکیموں میں 34.3ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں