ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس آئندہ ہفتے نافذ کردیا جائے گا

چیمبرز آف کامرس،فیڈریشن پر مخصوص تاجروں کی اجارہ داری ختم ہوگی،سینیٹر عبدالحسیب

سینیٹر عبدالحسیب خان ٹریڈآرگنائزیشن آرڈیننس کی تفصیلات بیان کررہے ہیں، رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور اورسندھ تاجراتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ بھی موجودہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سینٹ کی کامرس کمیٹی کے رکن سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس ایکٹ آئندہ ہفتے صدر مملکت کی منظوری کے بعد نافذ کردیا جائے گا جس کے بعد ملک بھر میں چھوٹے تاجروں کے چیمبر آف کامرس قائم ہوں گے۔

اسمال چیمبر کے قیام سے ملک بھر میں 80لاکھ چھوٹے تاجر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے اور چھوٹے تاجروں کے مسائل حل ہونے سے معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالحسیب خان نے کہا کہ ملک بھر میں 80لاکھ چھوٹے تاجر ہیں جنہیں اسمال چیمبرز کے پلیٹ فارم سے معیشت میں کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا ساتھ ہی چیمبر کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے این ٹی این کی شرط سے چھوٹے تاجر ٹیکس جمع کرانے کی جانب راغب ہوں گے جس سے ملک میں محصولات کی وصولی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے کہا کہ اسمال چیمبرز کے قیام سے ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اور ایف پی سی سی آئی پر مخصوص تاجروں کی اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا، ملک کی سیاست اور قومی وسائل کی طرح ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور ایف پی سی سی آئی پر بھی تاجروں میں موجود جاگیرداروں کا قبضہ ہے اسمال چیمبر کے قیام سے چھوٹے تاجروں کی آواز بلند کرنے اور ان کے مسائل کے حل میں مدد ملیگی۔




سینیٹرعبدالحسیب خان نے کہا کہ اسمال چیمبر کا قیام ملک کی اشد ضرورت تھی اب سینیٹ کامرس کی12 رکنی اسٹینڈنگ کمیٹی نے بل پاس کرکے صدر آصف علی زرداری کے پاس بھیج دیا ہے اور امید ہے کہ ایک ہفتے میں صدر اس پر دستخط کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ 8 سالوں سے زیرالتواء تھا اور اگر یہ کام اب نہیں ہوتا تو شاید کبھی بھی نہیں ہوسکتا تھا۔

ادھر سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ سمیت تاجر اتحاد کے رہنمائوں نے ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس کی اتفاق رائے سے منظوری پر سینیٹ کی کامرس کمیٹی کے اراکین صدر پاکستان آصف زرداری، وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم، متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین، سینیٹر عبدالحسیب خان، خواجہ سہیل منصور کی سپورٹ اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمیل پراچہ نے کہا کہ اسمال چیمبر آف کامرس کے قیام سے ملک میں ٹیکس وصولیوں میں 100فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔
Load Next Story