سندھ اوربلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار پنجاب میں بارش سے موسم خوشگوار

شہرقائد میں آج بھی گرمی کی شدت برقراررہے گی، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک May 31, 2017
سمندر کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10کلومیٹرفی گھنٹہ ہے، محکمہ موسمیات: فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار ہے جب کہ پنجاب میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے جہاں مرید کے، نارووال، جھنگ، فیصل آباد سمیت چکوال میں بھی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا ہے۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں چار سے پانچ ڈگری کمی واقع ہوئی ہے جب کہ شہری بھی پرامید ہیں کہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں سے رمضان اچھا گزر جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ ،سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوٰں سمیت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق2 بجے تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت لسبیلہ، دادو، پسنی، تربت 47، گوادر 46، موئن جو دڑو 45، لاڑکانہ 44، سکھر 43، نواب شاہ، شہید بے نظیر آباد 42، چھور، حیدر آباد، ملتان ، رحیم یار خان، حیدر آباد 41، کان پور، کوٹ ادو، بہاولپور 40 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہر قائد میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، سمندرکی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سمندری ہواؤں کے ساتھ بلوچستان کی گرم ہوائیں بھی شامل ہیں ،آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے جب کہ گرمی کی موجودہ لہر مزید 2 روز تک جاری رہ سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں