گزشتہ بارشوں میں غفلت کے مرتکب افسران کو ایوارڈ سے نواز دیا گیا

سیکریٹری آبپاشی نینمایاں کارکردگی کا جواز بنا کر محکمے کے افسران میں ایوارڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کردی

عوامی حلقوں نے ایوارڈز کی تقسیم پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

سیلاب اور بارشوں کے دوران غیر ذمے داری اور فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ آبپاشی کے جن افسران اور اہلکاروں کو سزا دینی تھی انھیں اتوار کو ڈرامائی طور پر تعریفی اسناد اور ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

عوامی حلقوں نے ایوارڈز کی تقسیم پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ آبپاشی اور نارا کینال کے افسران اور بعض اہلکاروں کو نوازنے کے لئے 2011ء میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے دوران نمایاں کارکردگی کا جواز بنا کر ایوارڈ تقسیم کیے۔ ایک تقریب ڈائریکٹر ناراکینال ایریا واٹر بورڈ غلام مصطفی اجن کے گھر پر منعقد ہوئی۔




جس سے صوبائی سیکریٹری آبپاشی بابر آفندی، ایم ڈی سیڈا احسان لغاری، ڈائریکٹر نارا کینال غلام مصطفی اجن اور دیگر افسران نے خطاب کرتے ہوئے اپنی اور محکمے کے بعض ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افسران اور عملے نے رات دن کام کرتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگوں کی جانیں بچائیں۔ اس موقع پر مختلف افسران اور عملے کے علاوہ سرکاری ٹھیکیداروں میں ایوارڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں شریک بعض شرکاء نے ایوارڈز کی تقسیم پر حیرت کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ محکمہ آبپاشی کی نااہلی اور سیم نالوں کے باعث تاریخی تباہی ہوئی تھی جس میں لاکھوں افراد بے گھر ہوکر سڑکوں پر آگئے تھے۔
Load Next Story