سندھ میں 13لاکھ ووٹر کم ہوگئے کراچی میں 2لاکھ کا اضافہ

2007ء کی فہرستوں میں تعداد ایک کروڑ 97لاکھ تھی، اب ایک کروڑ 84 لاکھ ہے


Numainda Express August 01, 2012
2007ء کی فہرستوں میں تعداد ایک کروڑ 97لاکھ تھی، اب ایک کروڑ 84 لاکھ ہے۔ فائل فوٹو

ISLAMABAD: صوبائی الیکشن کمیشن نے منگل کو کراچی سمیت پورے سندھ میں کمپیوٹرائزڈ حتمی ووٹرز لسٹ جاری کردی ہے،کراچی کے پانچ اضلاع میں حتمی ووٹرز لسٹ آویزاں کی گئی جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں ضلعی الیکشن دفاتر میں ووٹرز لسٹوں کو نمایاں کیا گیا،حتمی ووٹرز لسٹ کے تحت پورے سندھ میں ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد ووٹرز کا اندراج ہوا ہے جبکہ کراچی میں ووٹرز کی تعداد 68لاکھ 51ہزار948ہے، غیر تصدیق شدہ اور بوگس ووٹرز کے نام خارج کرکے سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2007ء کی ووٹرز لسٹ کے مقابلے میں 13لاکھ کم ہوئی ہے جبکہ کراچی میں دو لاکھ سے زائد ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کے تعاون سے مختلف مراحل میں کمپیوٹرائزڈ ووٹرز لسٹ ترتیب دیکر غیر تصدیق شدہ و بوگس ووٹرز کو انتخابی فہرست سے خارج کردیا ہے تاکہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات کا ا نعقاد شفاف طریقے سے ممکن ہوسکے، حتمی ووٹرز لسٹ کی تیاری کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے گذشتہ سال گھر گھر جاکر عوام کے کوائف حاصل کیے۔

دوسرے مرحلے میں نادرا نے الیکشن کمیشن کے مہیا کردہ انتخابی ریکارڈ کا اپنے کممپوائزڈ شناختی کارڈ کے ریکارڈ سے موازنہ کرکے غیر حتمی انتخابی فہرست جاری کی جس کو پورے سندھ میں 15ہزار سے زائد ڈسپلے سینٹرز میں عوام کے معائنے کیلیے آویزاں کیا گیا تاکہ عوام اپنے کوائف کی تصحیح کرسکیں اور محروم رہ جانے والے افراد بھی اپنے نام اندراج کراسکیں، تیسرے اور آخری مرحلے میں صوبائی الیکشن کمیشن نے نادرا کے تعاون سے طباعت کرکے پورے سندھ میں حتمی ووٹرز لسٹ آویزاں کردی ہے۔

کراچی میں حتمی انتخابی فہرست کے تحت ووٹرز کی تعداد ضلع وسطی میں16لاکھ 10 ہزار 364، ضلع شرقی میں 20لاکھ 30ہزار 689، ضلع جنوبی میں 10لاکھ 67ہزار 603، ضلع غربی میں 14لاکھ 16ہزار 411 اور ضلع ملیر میں 7لاکھ 26ہزار 881ہے، مجموعی طور پر کراچی میں ووٹرز کی تعداد 68لاکھ 51 ہزار 948 ہے جبکہ 2007ء میں یہ تعداد 66لاکھ 34 ہزار 238 تھی، حتمی کمپیوٹرائزڈ فہرست کے تحت پورے سندھ میں ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد ہے جبکہ 2007ء میں یہ تعداد ایک کروڑ 97 لاکھ 52ہزار 843 تھی۔ دریں اثناء صوبائی الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ نے الیکشن کمیشن کے ضلع وسطی کے دفتر کا دورہ کرکے حتمی کمپیوٹرائزڈ لسٹوںکا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صوبے میں نئے شناختی کارڈ بننے والے ڈھائی لاکھ سے زائد ووٹرز کا اندراج کیا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے ایک لاکھ 20ہزار ووٹرز کے نام بلوچستان کی ووٹرز لسٹ میں شامل ہوگئے تھے وہ تمام ووٹرز اب دوبارہ سندھ کی ووٹرز لسٹ میں شامل کردیے گئے ہیں اور اس معاملے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف تحقیقات ہورہی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکٹرول ایکٹ شق 18 کے تحت عوام متعلقہ دفاتر میں انتخابی شیڈول کے اعلان سے قبل تک تصحیح اور اندراج کے لیے رجوع کرسکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ عوام حتمی ووٹرز لسٹ میں اپنا نام ایس ایم ایس سروس 8300پر اپنا شناختی کارڈ لکھ کر تصدیق کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں