ٹور میچ یونس اظہر اور اسد کا بیٹ بدستور خاموش

پاکستان نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 240 رنز بناکر 312 کی مجموعی برتری حاصل کرلی،

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو : فائل

چار روزہ ٹور میچ میں یونس، اظہر اور اسد کا بیٹ بدستور خاموش رہا.جنوبی افریقی انوی ٹیشن الیون کے خلاف تینوں ہی کاٹ بی ہائینڈ ہوئے.

اوپنرزایک بار پھر مضبوط آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے، پاکستان نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 240 رنز بناکر 312 کی مجموعی برتری حاصل کرلی، حفیظ نے 83 رنز اسکور کیے، ناصر جمشید نے بھی ففٹی بنائی، تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو مصباح الحق 51 رنز پر ناقابل شکست تھے، سرفراز نے 19 رنز کے ساتھ دوسرا اینڈ سنبھالا ہوا تھا۔

اس سے قبل میزبان الیون کی اننگز کا 257 رنز پر اختتام ہوا، جنید خان اور سعید اجمل نے تین تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، عمرگل مزید شکار نہیں کھیل سکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقہ کے مشکل ترین ٹور کا فاتحانہ آغاز کا امکان روشن کرلیا ہے، جنوبی افریقی انوی ٹیشن الیون کے گرد اس کی گرفت مضبوط ہوچکی ہے۔ چار روزہ میچ کے تیسرے روز کے اختتام تک پاکستان نے دوسری باری میں پانچ وکٹوں پر 240 رنز بنالیے ہیں اس طرح اس کو مجموعی طور پر 312 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔




 

کپتان مصباح الحق مقابلے کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے پیر کو مارننگ سیشن میں ہی اننگز ڈیکلیئر کرکے بولرز کو حریف سائیڈ پر تباہی ڈھانے کا ٹاسک دے سکتے ہیں۔ اس میچ میں دوسری مرتبہ پاکستانی اوپنرز نے انتہائی ذمہ داری کا ثبوت دے دیتے ہوئے مضبوط اسٹینڈ فراہم کیا، محمد حفیظ اور ناصر جمشید کے درمیان اس بار 142 رنز کی اوپننگ شراکت ہوئی، اس بار حفیظ کچھ زیادہ ہی جارحانہ موڈ میں دکھائی دیے، انھوں نے 109 گیندوں پر 83 رنز اسکور کیے، اس بار وہ اچھی طرح سیٹ اور سنچری کیلیے پرعزم دکھائی دے رہے تھے مگر پارٹ ٹائم میڈیم پیسر اسٹین وان زیل نے ان کی یہ حسرت پوری نہیں ہونے دی، ان کی گیند پر حفیظ وکٹ کے عقب میں ولاس کا کیچ بن کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ناصر جمشید نے اس باری پر بھی ففٹی اسکور کی مگر اپنے اس مضبوط آغاز کو بڑی اننگز میں ڈھالنے میں ناکام رہے، انھیں 51 رنز پر کائیل ایبٹ نے بولڈ کرکے میدان سے باہر بھیج دیا۔ اس بار بھی اظہر علی، یونس خان اور اسد شفیق ناکام ثابت ہوئے، 147 پر تیسری وکٹ گری جب اظہر علی صرف 3 رنز بناکر وین پارنیل کی گیند پر وکٹ کیپر ولاس کا کیچ بن گئے، یونس خا ن نے اس بار 14 رنز بنائے مگر وان جارسویلڈ کی گیند پر وہ بھی وکٹوں کے عقب میں کیچ ہوگئے، اسد شفیق کو 11 کے انفرادی اسکور پر ہارمیر نے ولاس کی مدد سے قابو کیا۔

ان تینوں کا کاٹ بی ہائینڈ ہونااس بات کی نشاندہی ہے کہ انھیں جنوبی افریقی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں دقت کا سامنا ہے۔ پہلی اننگز میں ناکام ثابت ہونے والے مصباح الحق کا بیٹ اس بارپھر حرکت میں دکھائی دیا، انھوں نے عمدہ اسٹروکس کھیلے ، اس دوران انھوں نے 2 چھکے بھی لگائے، جب دن کا اختتام ہوا تو کپتان 51 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ دوسرے اینڈ پر سرفراز احمد 19 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔ اس سے قبل جنوبی افریقی الیون نے 213 رنز 7 وکٹوں سے اننگز کا آغاز کیا مگر اس کی باقی تین وکٹیں 44 رنز اضافے کے ساتھ گرگئیں۔

ہارمیر کو 13 رنز پر جنید خان نے بولڈ کیا، ایبٹ ایک رن بناکر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، ہینڈرکس نے جنید خان کی تیسری وکٹ بننے سے قبل صرف ایک رن بنایا۔ ولاس 62 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔سعید اجمل نے 66 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ جنید خان نے اتنی ہی وکٹوں کے لیے 76 رنز دیے، عمرگل نے صرف 12 اوورز کرائے اور 32 رنز دے کر دو وکٹیں لیں، طویل القامت عرفان سے بھی 12 ہی اوورز کرائے گئے جنھوں نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story