قائداعظم ٹرافی اکبر کی ڈبل سنچری کراچی بلوز کے قدم مضبوط

فیصل آباداور حیدرآباد کا میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل، راولپنڈی نے ایبٹ آباد پرگرفت مضبوط کرلی،سیالکوٹ کی کوئٹہ پر برتری۔

کراچی وائٹس کے اویس رحمان کی سنچری اور فراز کی بہترین بولنگ نے بہاولپور کے خلاف بازی پلٹ دی۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی میں اکبر رحمان کی ڈبل سنچری نے کراچی بلوز کو لاہور راوی کے خلاف فتح کے قریب کر دیا۔

کراچی وائٹس کے اویس رحمان کی سنچری اور فراز کی بہترین بولنگ نے بہاولپور کے خلاف بازی پلٹ دی، فیصل آباد اور حیدرآباد کا میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوگیا، راولپنڈی نے ایبٹ آباد پرگرفت مضبوط کرلی،سیالکوٹ کی کوئٹہ پر برتری قائم ہے،اسرار اللہ نے پشاور کو تباہی سے بچا لیا،موصولہ اطلاعات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیل کے تیسرے دن کے اختتام پر اتوار کودوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 95رنز بنانے والی لاہور راوی کوکراچی بلوز کے خلاف اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 125 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں کراچی بلوز نے میزبان ٹیم کے 261 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 481 رنز بناکر 221 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، 116رنز کے ساتھ دوبارہ کریز پر آنے والے اکبر رحمان نے ڈبل سنچری اسکور کی، ان کے 225 رنز میں 22 چوکے اور3چھکے بھی شامل تھے،فخر زمان نے70اور طارق ہارون نے54 رنز جوڑے،عدنان رسول نے5 اورآصف اشفاق نے3مہمان کھلاڑی ٹھکانے لگا یے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مشکلات کا شکار بہاولپور نے کراچی وائٹس کے خلاف دوسری اننگز میں 30 اوورز میں 5 وکٹیں گنواکر 51 رنز بنائے اور اسے محض 62 رنز کی برتری حاصل ہے،فرازاحمد نے 7 اوورز میں 15 رنز دیکر 4 کھلاڑی پار لگادئے۔

اس سے قبل کراچی وائٹس حریف ٹیم کی پہلی اننگز 362 رنز کے جواب میں 351رنز بناکر آئوٹ ہوگئی،64 رنز کے ساتھ کریز پر دوبارہ آنے والے اویس رحمان نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 146 رنز بنائے،کپتان محمد سمیع نے49 اور فواد عالم نے47 رنز کا اضافہ کیا،انصار جاوید نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ا یل سی سی اے گرائونڈ پر سیا لکوٹ نے کوئٹہ کے خلاف دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بناکر 200 رنز کی برتری حاصل کرلی ،محمد ایوب 55 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں،شعیب ملک 39 رنز جوڑ کر پویلین لوٹ گئے۔




قبل ازیں کوئٹہ نے 232 رنز کے جواب میںاپنی پہلی اننگز میں 225رنز بنائے،محب اللہ نے73اوربسم اللہ خان نے63رنز کا اضافہ کیا،نیر عباس نے4 اور عمید آصف نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آزاد جموں وکشمیر کے میرپور اسٹیڈیم میں 254 رنز اسکور کرنے والی حیدرآباد کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف دوسری اننگز میں 142رنز پر ڈھیر ہوگئی،عقیل انجم 38 اور شرجیل خان 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،اسدعلی نے53 رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو واپس ڈریسنگ روم پہنچایا،ریحان ریاض کے نام 2 وکٹیں رہیں،جواب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنانے والی فیصل آباد کی ٹیم کو کامیابی کے لئے 129 رنز درکار ہیں۔

صوابی کے گوہاٹی اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے دوسری اننگز میں 3کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے کے بعد143 رنز بنا کر ایبٹ آباد کے خلاف اپنا شکنجہ مضبوط کرلیا،عمر امین 58 اوربابر نعیم 34رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، قبل ازیں ایبٹ آباد اپنی پہلی اننگز میں 134 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی،عدنان رئیس نے49 اوریاسر حمید نے35 رنز کا حصہ ڈالا،سعد الطاف اور حماد اعظم کے ہاتھ4،4 وکٹیں لگیں،اس طرح پہلی اننگزمیں 9وکٹوں کے نقصان پر 498رنز بنانے والی راولپنڈی کو حریف ٹیم کے خلاف 493رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں دوسرے دن کے کھیل کے خاتمہ پر میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 179 رنز بنائے اور اس کے 2 کھلاڑی آئوٹ ہوئے، سنچری کی جانب گامزن اسرار اللہ 91 اور نواز احمد 58رنز کے ساتھ کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں،اس سے قبل اسلام آباد کی ٹیم پشاور کے 103 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 179 رنز بناکر پویلین لوٹی،جس میں فہد اقبال کے 44 اور عماد وسیم کے 39 رنز بھی شامل تھے،آفاق احمد اور عمر فاروق نے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں ، اس طرح پشاور کو مہمان ٹیم کے خلاف 103 رنز کی برتری حاصل اور اس کی 8 وکٹیں محفوظ ہیں۔
Load Next Story