خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

دریا کے پار کیسے جاؤں گا؟
علی قربان شاہ،بھٹ

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک دریا یا نہر ہے جو کہ پانی کے بجائے گارے سے بھری ہوئی ہے۔حالانکہ میں پل پر کھڑا ہوں مگر پھر بھی میں یہی سوچتا ہوں کہ میں اس کے پار کیسے جاؤں گا؟راستہ بھی ہے یعنی سڑک تو موجود ہے اور میں خود بھی ایک پل کے اوپر کھڑا ہوں مگر نہ جانے کیوں میں اس قدر پریشان ہوں۔

تعبیر:۔اس خواب کی تعبیر ظاہر کرتی ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے اور زیادہ تر وقت پیسے اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزارتے ہیں۔بہتر ہوگا کہ آپ اس دنیا داری سے ہٹ کر کچھ وقت اللہ کی طرف لگائیں۔نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔چلتے پھرتے یا حیی یا قیوم کا ورد کیاکریں۔

چراغ سے ہی گھر روشن ہوجانا
اقرا مدثر ،لاہور

خواب:۔میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر کی چھت پر کچھ لوگ موجود ہیں اور میرے لئے سب اجنبی ہیں وہ مجھے چراغ دیتے ہیں اور میں اس کو لئے سیڑھیوں کی طرف بڑھتی ہوں۔نیچے لا کر میں اس کو روشن کرکے ٹیرس پر رکھ دیتی ہوں۔مجھے حیرت اس بات کی ہے کہ اس ایک چراغ سے ہی پورا گھر روشن ہوجاتا ہے۔میں کافی خوش ہوتی ہوں۔

تعبیر:۔کافی اچھا خواب ہے اور اس کی تعبیر ظاہر کرتی ہے کہ عنقریب آپ کو کوئی خوشی ملنے والی ہے۔اس کا تعلق نوکری ،شادی اور بچے سے ہوسکتا ہے۔کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور چلتے پھرتے یا حیی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کوشش کریں کہ جمعرات کو حسب استطاعت صدقہ کردیاکریں۔

باغ میں پودے لگانا
سلمان احمد،بہاولپور

خواب:۔میں نے خواب میںدیکھا کہ ہمارے گھر کے باغ میں میں اور میری بیوی نئے پودے لگارہے ہیں اور کافی زیادہ تعداد میں مزید بھی لگانے والے رکھے ہوئے ہیں۔باغ بھی کافی بڑا ہے اور اس میں رنگا رنگ پھول بھی کھلے ہوئے ہیں۔

تعبیر:۔آپ کا خواب ماشاء اللہ بہت اچھا ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نیک فرزند عطا کیا جائے گا۔اس کے علاوہ رزق میں اضافہ بھی ہوگا آپ کوشش کیا کریں کہ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد کیاکریں۔

خواب میں بیوی کو طلاق دے دی
عاصم ہانی علی،لاہور

خواب: میں کاروبار کے سلسلے میں زیادہ تر شہر سے باہر رہتا ہوں میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی ہے۔اس خواب سے میں کافی پریشان ہوں کہ میرے گھر وقت کم دینے سے میرے گھر والے مجھ سے ناراض رہتے ہیں۔کہیں یہ اس کیلئے کوئی اشارہ تو نہیں؟

تعبیر:۔آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ دنیاوی لالچ سے آپ کا دل کم ہوکر دین کی طرف راغب ہوگا اورآپ دنیاوی ترقی کے بجائے دینوی ترقی کے خواہاں ہوںگے۔آپ صدقہ خیرات کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کیاکریں۔

خواب میں میدان میں کھڑی ہوں
ام حاکم،لاہور

خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک بہت بڑے میدان میں ہوں اور یہاں دور دور تک صحرا ہے اور کوئی نہیں ہے مگر جہاں میں کھڑی ہوں وہ نخلستان ہے اور بہت ہرا بھرا ہے۔میں خود کو وہاں دیکھ کر حیران ہورہی ہوتی ہوں کہ یہ کیسی چیز ہے؟

تعبیر:۔یہ اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کو روحانی ترقی ملے گی اور خوشحالی ہوگی ۔اللہ تعالیٰ کی رحمت ہوگی۔یعنی مال ووسائل میں بہتری آئے گی۔آپ کوشش کیا کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔اس کے علاوہ حسب استطاعت صدقہ وخیرات کیاکریں۔

خوبصورت موتیوں والی ٹوپی
محمد سلمان فارسی،گوجرہ


خواب:میرے بھائی کی اسلحہ کی دکان ہے میں وہاں پانچ سو روپے ماہوار پر ملازم ہوں میری ان کے ساتھ لڑائی ہوگئی اور انہوں نے مجھے نکال دیا۔اس پر ایک بازار کے ہی دکان دار نے دیکھا کہ میں بہت پریشان ہوں اور ایک خوبصورت ٹوپی موتی لگی ہوئی بھائی کے بیٹے کو دے دی۔

تعبیر:۔آپ کے آٹھ خوابوں کا جواب تو ایک ساتھ نہیں دیا جاسکتا مگر کوشش ہے کہ کچھ کے جوابات دے دیئے جائیں۔آپ محنت کریں تو اپنا کاروبار کرسکتے ہیں مگر اس میں بھی مسلسل محنت اور مستقل مزاجی درکار ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر وقت یا حیی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔صدقہ وخیرات دیا کریں' حسب استطاعت اللہ نے چاہا تو آپ کے سب مسائل حل ہوجائیںگے۔

چھری پیٹ میں گھونپ دی
مدثر علی،فیصل آباد

خواب:میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا ہوں اور میرے ایک دوست نے مذاق میں ہی کھانے کی ٹیبل سے چھری اٹھا کر میرے پیٹ میں گھونپ دی۔باقی دوست ہنس رہے ہوتے ہیں مگر میں بہت پریشان ہوجاتا ہوں کہ بس اب میں نہیں بچوں گا اور جلدی سے نیکسین اٹھا کر اس زخم کو صاف کرنے کی کوشش کرتا ہوں مگر مجھے کسی بھی قسم کا درد محسوس نہیں ہورہا۔

تعبیر:۔آپ کا خواب نظام ہضم کی خرابی کو ظاہر کرتاہے سادہ خوراک استعمال کریں اور رات کا کھانا جلدی کھانے کی عادت ڈالیں اور کھانے کے فوراً بعد سونے کی بجائے ہلکی پھلکی چہل قدمی کریں۔ دیر تک جاگنے اور فلمیں دیکھنے سے گریز کریں۔نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور چلتے پھرتے کثرت سے یا حیی یا قیوم کا ورد کیاکریں۔صبح فجر کی نماز کے بعد گہرے گہرے سانس لیاکریں۔

باغ میں کھڑی ہوکر مالٹے توڑ نا
سائرہ بتول،سرگودھا

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک بہت بڑے باغ میں ہوں اور وہاں کھڑی مالٹے توڑ رہی ہوں اور خوش ہورہی ہوں کہ واہ میرے باغ میں کتنے زیادہ مالٹے لگے ہیں ۔

تعبیر:۔بہت اچھا خواب ہے جو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے رزق کی کشادگی کو ظاہر کرتا ہے۔ کاروبار میں اضافہ ہو گا اورمال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔آپ نمازِ پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

میز پر خوش رنگ پکوان
سید ادریس حسن 'وہاڑی

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک جگہ ضیافت پر مدعو ہوں اور خوب انواع و اقسام کے کھانے کھا رہا ہوں ۔ میز پر بھی بہت رنگ رنگ کے خوش رنگ پکوان سجے ہیں۔ یہ بہت بڑی میز ہے جہاں بہت سارے لوگ موجود ہیں۔

تعبیر:۔اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے وسائل و مال میں میں بھی برکت ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

سب لوگ بیمار ہیں
امینہ قمر 'لاہور

خواب:میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی کے گھر رہنے گئی ہوتی ہوں جو کہ ہمارے ہی دور کے عزیز ہیں مگر وہاں سب لوگ بیمار ہیں اور ان کے محلے میں بھی سب لوگ بیمار ہیں میں حیران ہوتی ہوں کہ یہ سب لوگ علاقہ چھوڑ کے کیوں نہیں چلے جاتے؟ ایک بوڑھے سے بابا جی کہتے ہیں کہ یہ طاعون ہے مگر میں خود سے سوچتی ہوں کہ یہ بیماری تو اب نہیں ہوتی پرانے زمانے میں ہوتی تھی ۔

تعبیر:۔آپ کا خواب اچھا نہیں یہ کسی تکلیف و مصیبت کو ظاہر کرتا ہے ۔ آپ فوراً اپنا صدقہ دیں اور دو نفل نماز توبہ کے ادا کرکے اللہ تعالیٰ سے مددمانگیں خدا آپکو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم پڑھا کریں۔ اللہ نے چاہا تو سب خیریت ہی رہے گی۔

غار نما جگہ
ثوبیہ انجم'لاہور

خواب:پلیز میرے خواب کی تعبیر جلدی بتادیں میں اتنا لمبا انتظار نہیں کرسکتی۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنی دوستوں کے ساتھ پہاڑوں میں گھوم رہی ہوں مجھے ایک غار نما سی جگہ نظر آتی ہے اور اس میں چلی جاتی ہوں باقی میری دوستیں باہر رہ جاتی ہیں۔ میں اندر چلتی جاتی ہوں اور اندر مجھے دوسری طرف روشنی دکھائی دیتی ہے ۔میں اس روشنی کی طرف بڑھتی ہوں اور باہر نکل جاتی ہوں جہاں ایک سرسبز وادی ہوتی ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔آپ کا خواب اچھا ہے اور اسکی تعبیر ظاہر کرتی ہے کہ آپ کے لئے کسی مسئلے یا پریشانی سے نجات ملنے والی ہے جو کہ آپ کے لئے آسائش و آسانی سے پُر ہو گی ۔نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم پڑھا کریں حسبِ استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں۔
Load Next Story