کشمیر و فلسطین کی آزادی جہاد سے ہی ممکن ہے مقررین

پاکستانی مسئلہ فلسطین کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں، جماعت اسلامی کے تحت اے پی سی سے خطاب

پاکستانی مسئلہ فلسطین کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں، جماعت اسلامی کے تحت اے پی سی سے خطاب، فائل

جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین پر سے اسرائیلی قبضہ ختم کرانے کیلیے اپنا کردار ادا کریں، کشمیر و فلسطین کی آزادی جہاد سے ہی ممکن ہے، انھوں نے کہاکہ پاکستان کے 18کروڑ عوام فلسطین کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں، مسئلہ کشمیر اور فلسطین ایک جیسے مسائل ہیں جو استعماری قوتوں کے پیداکردہ ہیں۔

ادارہ نورحق میں ''فلسطین فلسطینیوں کا ہے،، کے زیرعنوان منعقدہ آل پارٹیزکانفرنس سے صدارتی خطاب جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کیا، کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، نائب امیر برجیس احمد، مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیا، جمعیت علما اسلام کے رہنما اسلم غوری، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر محمد صدیق راٹھور، موتمر عالم اسلامی کے میر نواز خان مروت، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما مفتی عثمان یار خان، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یارخان، لبنان سے آئے ہوئے القدس ایسوسی ایشن کے انچارج ڈاکٹر حیدر، حزب اللہ کے سیاسی ونگ کے انچارج ڈاکٹر احمد ملی، نظام مصطفی پارٹی کے الحاج محمد رفیع اور دیگر جماعتوں و فلاحی اداروں کے رہنمائوں نے خطاب کیا، اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری مسلم پرویز نے مسئلہ فلسطین اورکشمیر، برما اور آسام کے حوالے سے متعدد قراردادیں بھی پیش کیں۔


آل پارٹیزکانفرنس میں حماس کے رہنما محمود الظہار کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا، عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ کشمیر میں بھارت اور فلسطین میں اسرائیل کو مستحکم کرنے کیلیے استعماری طاقتیں سرگرم عمل ہیں، فلسطین کا مسئلہ پوری امت مسلمہ کامسئلہ ہے، محمد حسین محنتی نے کہا کہ فلسطین ہمیشہ سے دنیا کامرکز رہا ہے، یہ انبیا کرام کی سر زمین ہے، فلسطین کو اسرائیل میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن پاکستانی عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔

قوم اور ملت اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی، سلیم ضیا نے کہاکہ جب مسلم حکمران غیرت و حمیت کا راستہ اختیار کریں گے تو فلسطین بھی آزاد ہوگا اور کشمیر بھی، کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کا حل صرف جہاد ہے، اسلم غوری نے کہاکہ فلسطین اورکشمیر کی آزادی کیلیے ہمیں یکجاہونا ہوگا، اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ افغانستان، عراق، فلسطین، کشمیر میں مسلمانوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنایاجارہا ہے، حماس اور حزب اللہ نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، القدس کی آزادی کا مسئلہ انسانی مسئلے کے طور پر پوری دنیا میںاجاگر کرنا چاہیے۔
Load Next Story