جنوبی سوڈان میں خسرہ کے ٹیکے سے 15 بچے ہلاک

ویکسینیشن کرنے والی ٹیم نااہل اور غیر تربیت یافتہ تھی، وزیر صحت

یونیسیف پروگرام کے تحت جنوبی سوڈان میں 12 لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
جنوبی سوڈان میں خسرہ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم کے دوران 15 بچے ہلاک جب کہ 32 کی حالت بگڑ گئی۔


کاپوٹا کے علاقے میں خسرہ کی ویکسینیشن مہم میں 300 بچوں کو ٹیکے لگائے گئے جن میں سے 15 ہلاک اور 32 بیمار ہوگئے۔ حکام نے بچوں کی اموات کی تحقیقات کے بعد بتایا کہ ان بچوں کو ایک ہی سرنج سے ویکسین دی گئی جسے جراثیم سے پاک نہیں کیا گیا تھا۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ ویکسین صحیح طور پر محفوظ نہیں کی گئی تھی۔ پندرہ بچوں کو انجکشن لگایا تو دوا کا ری ایکشن ہونے سے انہیں شدید انفیکشن ہوگیا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔جنوبی سوڈان کے وزیر صحت نے بتایا کہ ویکسینیشن کرنے والی ٹیم بھی نااہل اور غیر تربیت یافتہ تھی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے جنوبی سوڈان میں رواں سال 12 لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
Load Next Story