کریڈٹ کارڈ جتنا مکمل کمپیوٹر

مائیکرو پروسیسر، ریم، ڈیٹا اسٹوریج اور بلیو ٹوتھ سمیت ’’کمپیوٹ کارڈ‘‘ کو بجا طور پر ایک مکمل پی سی قرار دیا جاسکتا ہے

مائیکرو پروسیسر، ریم، ڈیٹا اسٹوریج اور بلیو ٹوتھ سمیت ’’کمپیوٹ کارڈ‘‘ کو بجا طور پر ایک مکمل پی سی قرار دیا جاسکتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

KARACHI:
مائیکروپروسیسر بنانے والی مشہورِ زمانہ کمپنی انٹیل کارپوریشن نے 'کمپیوٹ کارڈ' کے نام سے ایک دستی آلہ پیش کیا ہے جس کی لمبائی اور چوڑائی ایک عام کریڈٹ کارڈ جتنی ہے جبکہ اسے دنیا کا سب سے مختصر پرسنل کمپیوٹر بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

انٹیل کارپوریشن نے پہلی بار اسے لاس ویگاس میں منعقدہ ''کنزیومر الیکٹرونکس شو 2017'' کے موقع پر پیش کیا تھا لیکن چند روز پہلے تائی پے، تائیوان میں ہونے والی ''کمپیوٹیکس'' نمائش میں یہ ایک بار پھر رکھا گیا ہے جبکہ اس سے متعلق پہلے سے زیادہ معلومات بھی دستیاب ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ اس کی باضابطہ فروخت اگست 2017 سے شروع کردی جائے گی۔ کام کرنے کے لیے اسے صرف کی بورڈ اور مانیٹر سے جوڑنا کافی ہوگا۔




کمپیوٹ کارڈ کی ریم 4 گیگابائٹ اور میموری 64 سے 128 گیگابائٹ تک ہے جبکہ اس کے سب سے طاقتور ماڈل میں ساتویں نسل والا ''کور آئی فائیو'' (Core i5) پروسیسر نصب ہے۔ مطلب یہ کہ صرف چار کریڈٹ کارڈز جتنی موٹائی میں وہ سارے لوازمات سمو دیئے گئے ہیں جو کسی پرسنل کمپیوٹر کو حقیقی معنوں میں کمپیوٹر بناتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ جدید بلیو ٹوتھ کے ذریعے بھی آس پاس موجود آلات سے رابطے میں آنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسے ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ کمپیوٹر میں بنے کسی مخصوص کھانچے میں نصب کیا جاسکے گا جبکہ ضرورت پڑنے پر اسے بذریعہ یو ایس بی کسی دوسرے کمپیوٹر سے منسلک کرکے اس کی طاقت میں اضافہ بھی کیا جاسکے گا۔ متوقع طور پر کمپیوٹ کارڈ ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والوں میں آئی بی ایم اور ایپل کمپیوٹرز جیسے بڑے نام بھی شامل ہوں گے۔ آنے والے برسوں میں کمپیوٹ کارڈ کو اسمارٹ اسکرین سے منسلک کرکے اسے بھی کمپیوٹر میں تبدیل کیا جاسکے گا۔
Load Next Story