حکومت جمہوری اوراخلاقی اقدارچھوڑکر مافیا کا روپ دھارچکی ہے تحریک انصاف

قوم بہت جلد "گارڈفادر" کو پہلے "کٹہرے" اور پھر "کوٹھری" میں دیکھے گی، فواد چوہدری


ویب ڈیسک June 03, 2017
شریف خاندان کو اپنی معصومیت کا یقین ہے تو طوفان بدتمیزی کیوں برپا کئے ہوئے ہے، فواد چوہدری فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت تمام آئینی، جمہوری اور اخلاقی اقدار ایک جانب رکھ کر "مافیا" کا روپ دھار چکی ہے۔

گزشتہ روز حکومتی شخصیات کی پریس کانفرنس پر ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے ردعمل میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی میں پیش ہوکرشریف خاندان کوئی احسان نہیں کررہا، یہ لوگ اگر جے آئی ٹی میں پیش نہ ہوتے تو جیل جاتے۔ وزیر اعظم کی ایماء پر ججز اور جے آئی ٹی کے خلاف انتہائی متنازعہ زبان اور لہجہ اختیار کیا جا رہا ہے، اعلیٰ عدلیہ کے معززججزکے فون ٹیپ کئے جارہے ہیں اوران کے بچوں پرزمین تنگ کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، اعلیٰ ترین سطح پرججز اور جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوششیں شرمناک ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شریف خاندان کو اپنی معصومیت کا یقین ہے تو طوفان بدتمیزی کیوں برپا کئے ہوئے ہے، وزیر اعظم کے بچوں کی پیشی پر ہنگامہ آرائی کا مقصد جے آئی ٹی سے رعایت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی کرپشن سے نجات کے لیے پاناما کیس ایک تاریخی اورنادرموقع ثابت ہوگا، پاناما کے بعد "گارڈفادر" کو اسامہ بن لادن سمیت غیرملکی آقاوٴں سے جمہوریت کے خلاف رقوم لینے کا بھی جواب دینا ہوگا، قوم بہت جلد "گارڈفادر" کو پہلے "کٹہرے" اور پھر "کوٹھری" میں دیکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں