جے آئی ٹی کی پوچھ گچھ سے میاں صاحب کی چیخیں نکل رہی ہیں بلاول بھٹو

آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو عبرتناک شکست دیں گے، چیرمین پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک June 03, 2017
میاں صاحب یہ ملک آپ کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتا، بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی پوچھ گچھ سے میاں صاحب کی چیخیں نکل رہی ہیں اور انہیں اب اپنی تذلیل کا احساس ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب ذوالفقارعلی بھٹو کہتے تھے کہ مولوی مشتاق ان کی تذلیل کر رہا ہے اور اُن کے خلاف ہے تو اس وقت میاں صاحب جنرل ضیاء الحق کے ساتھ تھے، آپ نے بے نظیر بھٹو پر بھی جھوٹے مقدمات بنائے اور میڈیا ٹرائل کیا لیکن جب جے آئی ٹی نے ان کے بچوں سے پوچھ گچھ شروع کی تو میاں صاحب کی چیخیں نکل رہی ہیں اور انہیں اپنی تذلیل کا احساس ہو رہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :نوازشریف نے ہی ملک کو اندھیرے میں دھکیلا

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ بجلی ہے نہ گیس ہے اور نہ ہی عوام کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہے جب کہ لوڈ شیڈنگ نے تو نے عوام کوعذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، ہمارا ایمان ہے رمضان برکتوں اوررحمتوں کا مہینہ ہے لیکن مسلمان سحری اور افطاری اندھیرے میں کر رہے ہیں، حکومت نے رمضان میں لوگوں کی عبادت بھی مشکل بنا دی ہے، ملک میں 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے کیا پورے ملک کےعوام بل ادانہیں کرتے؟ ایک وزیرکہتا ہے جو لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہیں وہ بجلی چور ہیں، آپ پورے ملک کے عوام کوگالیاں دے رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت چھوٹے صوبوں پرچوری کا الزام لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخت رائیونڈ میں بجلی جاتی نہیں اور سندھ میں آتی نہیں، یاد کریں وہ دن جب شہباز شریف لوڈشیڈنگ کے خلاف ڈراما کرتے تھے، میاں صاحب مان لیں کہ آپ کی حکومت نااہل ہے، آپ میں ملک چلانے کی اہلیت اور صلاحیت نہیں ہے، میاں صاحب عوام کی جان چھوڑدیں کیونکہ عوام آپ سے چھٹکارا چاہتے ہیں، یہ ملک آپ کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نواز حکومت مزدوروں کاحق کھا کر آف شور بناتی ہے

چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کارکن انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو عبرتناک شکست دیں گے اور آر او کا الیکشن نہیں ہونے دیں گے جب کہ دھاندلی کے پیداواروں کو ہر صورت میں روکنا ہو گا، ہم ان کی دھاندلی کو عوام کی طاقت سے روکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں