ٹوئنٹی 20 میں ویسٹ انڈیز نے افغان فتوحات کو بریک لگا دیے

پہلے مقابلے میں میزبان ٹیم 6 وکٹ سے فتحیاب، سنیل نارائن نے 3 شکار کیے۔


Sports Desk June 04, 2017
سنیل نارائن نے 3 جبکہ ولیمز اور بریتھویٹ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ فوٹو؛ نیٹ

ویسٹ انڈیزنے افغانستان کے فاتحانہ مارچ پاسٹ کو بریک لگادیے، ٹوئنٹی 20 میں مسلسل ریکارڈ کامیابیوں کا سلسلہ آخر تھم گیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل افغانستان نے ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں مسلسل 11 کامیابیاں حاصل کی تھیں جوکہ ایک ریکارڈ ہے تاہم پہلے ہی میچ میں ویسٹ انڈیز نے اس سلسلے کو ختم کردیا۔

111 رنز ہدف کے تعاقب میں میزبان سائیڈ کی پہلی وکٹ 33 پر گری جب شیڈووک والٹن 22 رنز بناکر شاپور زدران کی گیند پر مڈ وکٹ کی جانب موجود عثمان غنی نے عمدہ کیچ تھاما۔ 26 رنزبناکرایوین لیوس بھی پویلین واپس لوٹ گئے، انھیں کریم جنت نے سمیع اللہ شنواری کی مدد سے قابو کیا، انھوں نے تین چھکے جڑے۔ مارلون سموئلز نے 36 بالز 2 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے اور شاپور زدران کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 99 کے مجموعے پر ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ گری جب لینڈل سمنز صرف 6 رنز بناکر راشد خان کی وکٹ بن گئے۔

یہ افغانستان ٹیم کی جانب سے منائی جانے والی آخری خوشی تھی کیونکہ مزید کوئی وکٹ گنوائے ویسٹ انڈیز نے 16.3 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا، جیسن محمد 18 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ زدران نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے افغانستان کی ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 110 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، راشد خان نے 33 اور امیر حمزہ نے 21 رنز بنائے، ڈبل فیگر میں شامل ہونے والے تیسرے کھلاڑی گلبدین نائب تھے جنھوں نے 12 رنز بنائے، باقی کوئی بھی کھلاڑی 8 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ سنیل نارائن نے 3 جبکہ ولیمز اور بریتھویٹ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں