بالی ووڈ پاکستانی فنکاروں کی مانگ میں اضافہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے حیا

موسیقاروں، گلوکاروں، شاعروں اور تکنیکاروں نے دنیا بھر میں عمدہ کام سے اپنا لوہا منوایا ہے،اداکارہ و ماڈل کی گفتگو


Qaiser Iftikhar June 04, 2017
 فنکار کسی منفرد پراجیکٹ میں کام کرنے کے لیے جس ملک بھی جائیں وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں۔ فوٹو: فائل

لاہور: اداکارہ وماڈل حیا سہگل نے کہا ہے کہ اگر ہم اپنے پڑوسی ملک بھارت کی بات کریں توبالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔

''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے حیا سہگل کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکاروں، موسیقاروں، گلوکاروں ، شاعروں اورتکنیکاروں نے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا کے بیشترممالک اپنے عمدہ کام سے اپنا لوہا منوایا ہے۔ بھارت میں بھی ان کوقدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جس کی بڑی وجہ ہمارے فنکاروں ، شاعروں اورگلوکارں کا کام ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ایک طرف توہمارے گلوکاروں کا انداز گائیکی اورآواز بہت ہی منفرد اورنرالی ہے، جس کی وجہ سے ان کوسراہا جانا بالی وڈ کے معروف پلے بیک سنگرز کے مقابلے میں زیادہ ہوجاتا ہے۔ اسی طرح شاعری کی بات کریں توہمارے ملک کے معروف شعراء کرام نے اردو زبان میں ایسے گیت اورغزلیں لکھی ہیں جن کوگاکربھارتی گلوکاروںکو مقبولیت ملی ہے۔ اسی طرح اگرہم فنکاروںکی بات کریں تواس وقت پاکستانی فنکاربالی وڈکی اشد ضرورت بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے۔

حیا سہگل نے کہا کہ حالات کی ناسازی کے باعث بالی وڈ والوںکوکچھ سخت اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں لیکن وہ یہ بات بھی جانتے ہیں کہ اس مد میں انہیں کتنا بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ یہ توہوئی ایک صورتحال جس کے بارے میں اکثرلوگ باتیں کرتے رہتے ہیں لیکن دوسری جانب اگردیکھاجائے تویہ سوچ طلب بات ہے کہ پاکستان کے بھارت سے تعلقات میں بہتری بھی آجائے توہمارے ملک کے فنکاروںکو توآخرکاراپنے ہی ملک میں واپس آنا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہمارے ملک کے فنکار کسی منفرد پراجیکٹ میں کام کرنے کے لیے بھارت سمیت دنیا کے بیشترممالک میں جائیں لیکن اپنے ملک کوچھوڑ کروہیں رہنا درست نہیں ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوںکہ یہ پاکستان اورفنکاروںکی جیت ہی ہے کہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے بالی وڈ آگے بڑھ رہا ہے۔ حالانکہ بھارت کے فنکاروں اورانتہا پسند ہندؤں کواس کی بہت تکلیف ہوتی ہے لیکن کیا ہوسکتا ہے، پبلک ڈیمانڈ بھی کوئی چیزہے۔اسی لیے توبالی وڈ والے مجبور ہوتے ہیں اور ہمارے فنکاروں اورگلوکاروں کوسائن کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ میرے نزدیک اگرپاک ، بھارت تعلقات بہترہوں توبالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں، مصنفوں، شاعروں اور موسیقاروں کا راج قائم ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں