ٹیبریٹ بیتھل آسٹریلوی حسینہ بولی وُڈ میں بھی نام کمانے کے لیے پُرعزم

ٹیبریٹ کا تعلق آسٹریلیا سے ہے لیکن اس کے چرچے یورپ اور امریکا کے علاوہ بھارت میں بھی ہورہے ہیں۔


Mim Ain January 28, 2013
ٹیبریٹ نے دس سال ماڈلنگ ورلڈ میں گزارے۔ اس دوران وہ نیشنل رگبی لیگ کی چیئرلیڈر بھی رہی۔ فوٹو : فائل

سروقد، لانبی زلفوں، تیکھے نقوش اور سرخ و سپید رنگ کی حامل یہ حسینہ ٹیلنٹ کے معاملے میں بھی کسی سے کم نہیں۔ خوب روئی اور بہترین اداکارانہ صلاحیتوں نے مل کر ٹیبریٹ بیتھل کو ایک ایسی اداکارہ میں بدل دیا ہے جو مغربی ہیروئن کے تصور پر پورا اترتی ہے۔


ٹیبریٹ کا تعلق آسٹریلیا سے ہے لیکن اس کے چرچے یورپ اور امریکا کے علاوہ بھارت میں بھی ہورہے ہیں۔ ہندی فلموں کے ناظرین عامر خان اور کترینا کی فلم '' دھوم تھری'' میں اس حسینہ کے جلووں سے لطف اندوز ہوں گے۔

سڈنی میں جنم لینے والی ٹیبریٹ کو کم عمری ہی میں شوبز کی چکاچوند بھاگئی تھی، چناں چہ اس نے سولہ برس کی عمر میں ماڈلنگ سے اس جہان رنگ و نور میں قدم رکھ دیا۔ پُرکشش شخصیت کی بہ دولت ٹیبریٹ پر کام یابیوں کے دَر وا ہوتے چلے گئے اور جلد ہی اس کا شمار صف اول کی ماڈلز میں ہونے لگا۔ اُس دور میں وہ اشتہاری ایجنسیوں کی ناگزیر ضرورت بن گئی تھی جو اسے منھ مانگا معاوضہ دینے کے لیے تیار رہتی تھیں۔

ٹیبریٹ نے دس سال ماڈلنگ ورلڈ میں گزارے۔ اس دوران وہ نیشنل رگبی لیگ کی چیئرلیڈر بھی رہی۔ ٹیبریٹ کا شمار اب بھی سپرماڈلز میں ہوتا تھا لیکن ایک عشرے تک مختلف مصنوعات کی تشہیر کرنے کے بعد اس کا ماڈلنگ سے دل اُچاٹ ہوگیا اور اس نے 2007ء میں اداکاری میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا۔

اس مقصد کے لیے ٹیبریٹ نے ایک معروف ادارے سے ایک سال تک اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور پھر قسمت آزمانے کے لیے نکل کھڑی ہوئی۔ اداکاری کی تربیت لیتے ہوئے وہ جزوی طور پر ماڈلنگ بھی کرتی رہی تھی۔ ابتدا میں ٹیبریٹ نے چند فلموں میں ثانوی نوعیت کے کردار ادا کیے تاہم سلور اسکرین پر اسے پذیرائی نہ مل سکی۔

فلمی دنیا سے مایوس ہوکر اس نے ٹیلی ویژن کا رُخ کیا۔ یہاں قسمت اس پر مہربان ہوئی اور اسے اے بی سی اسٹوڈیوز کی ڈراما سیریز Legend of the Seeker میں کارا میسن کے اہم رول میں کاسٹ کرلیا گیا۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور امریکا سمیت کئی ممالک میں دو برس تک نشر کی جانے والی اس سیریز نے ٹیبریٹ کو عالمی شہرت سے روشناس کیا۔ اس کی اداکاری کو سراہا گیا اور مستقبل کی بڑی اداکارہ قرار دیا گیا۔

Legend of the Seeker کے اختتام کے بعد ٹیبریٹ نے فلم The Clinic میں ہیروئن کا کردار ادا کیا۔ اس فلم میں ٹیبریٹ کی پرفارمینس پر تبصرہ کرتے ہوئے فلمی مبصرین نے کہا کہ ٹیلی ویژن نے اس کی صلاحیتوں کو نکھار دیا ہے اور اس کی اداکاری میں وہ پختگی نظر آرہی ہے جو تجربہ کار اداکاروں کا خاصّہ ہوتی ہے۔ ٹیبریٹ کی اگلی فلم Anyone You Want تھی۔ اس فلم میں بیتھل نے مصائب سے دوچار ایک بے گھر لڑکی ایمی کا رول کیا تھا۔ ایمی کے کردار میں ٹیبریٹ کی جذبات سے بھرپور اداکاری پر اسے خُوب داد ملی۔

درحقیقت یہ وہ پہلی فلم تھی جو آسٹریلوی فلم انڈسٹری میں ٹیبریٹ کی پہچان بنی۔ Anyone You Want میں بہترین اداکاری پر اسے کئی ایوارڈز بھی ملے۔ اس فلم کے بعد ٹیبریٹ کے چرچے فلم ساز آدتیہ چوپڑا کے کانوں تک بھی پہنچنے جو '' دھوم تھری'' کے لیے کسی مغربی حسینہ کی تلاش میں تھے۔ گذشتہ برس کے آغاز ہی سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ آدتیہ '' دھوم تھری'' میں کسی مغربی اداکارہ کو متعارف کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا کہ اس مقصد کے لیے نٹالی پورٹمین اور ایوا لونگوریا کے نام بھی زیرغور آئے تھے مگر قرعۂ فال ٹیبریٹ کے نام نکلا۔

'' دھوم تھری '' میں ٹیبریٹ ایک امریکی لڑکی کا رول کررہی ہے جس کے عشق میں اُدے چوپڑا مبتلا ہوجاتا ہے۔ اس طرح ٹیبریٹ فلم کی سیکنڈ ہیروئن ہے۔ '' دھوم تھری'' کے ڈائریکٹر وجے اچاریا کا کہنا ہے کہ ٹیبریٹ بولی وڈ میں ایک خوش گوار اضافہ ثابت ہوگی۔ دوسری جانب بیتھل بھی ہندی فلموں کے ناظرین کو گرویدہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ایک آسٹریلوی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹیبریٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم ساز غیرملکی اداکاراؤں کو اپنی فلموں میں کام کرنے کا موقع دے رہے ہیں جوکہ ایک مثبت رجحان ہے۔ آسٹریلوی حسینہ '' دھوم تھری'' کی ریلیز کے بعد ہی مزید کسی ہندی فلم میں اداکاری کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں