برآمدات میں48 فیصد اضافہ پاکستان کا چین سے تجارتی خسارہ 234 ارب ڈالر کم ہوگیا

چین کو گزشتہ سال پاکستانی برآمدات 3.14 ارب، درآمدات 9.9 فیصد اضافے سے 9.2 ارب اور تجارتی خسارہ 6.06 ارب ڈالررہا۔

سالانہ دوطرفہ تجارت پہلی بار 12 ارب سے تجاوز، 2 سے 3 سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 15 ارب ڈالر کی ٹریڈ کا ہدف حاصل کرلیا جائیگا، پاکستانی سفیر۔ فوٹو : فائل

پاک چین تجارت کا حجم پہلی بار 12 ارب ڈالر کی حد عبور کرگیا۔

چائنا کسٹمز کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2012 میں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 17.6 فیصد کے نمایاں اضافے سے 12 ارب 40 کروڑ ڈالر رہا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 2011 میں تجارت کا حجم 10 ارب 60 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا اور2010 میں یہ تجارت 8 ارب 70 کروڑ ڈالر تھی۔اعدادوشمار کے مطابق چین کے لیے پاکستانی برآمدات 48.2 فیصد کے ٹھوس اضافے سے 3 ارب 14 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ چین سے درآمدات 9.9 فیصد کے اضافے سے 9 ارب 20 کروڑ ڈالر رہیں۔

اس طرح پاکستان کو چین سے تجارت میں اب بھی 6 ارب 6 کروڑ ڈالر کے بہت بڑے تجارتی خسارے کا سامنا ہے تاہم یہ 2011 میں 8 ارب 40 کروڑ ڈالر کے خسارے سے 2 ارب34 کروڑ ڈالر یا 27.86 فیصد کم ہے،2011 میں پاکستان سے چین کے لیے برآمدات 2 ارب 12 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔ اعدادوشمار کے مطابق 2012 میں چین کو پاکستانی ٹیکسٹائل، ٹیکسٹائل آرٹیکلز، ویجیٹیبل پراڈکٹس، خام لوہے ومعدنی مصنوعات، لیدر گڈز اور بیس دھاتوں کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا جبکہ بڑی چینی برآمدات میں مشینری، میکنیکل اپلائنسز، ٹیکسٹائل پراڈکٹس، میٹلز، کیمیکل پراڈکٹس، خام معدنیات، پلاسٹک اسکریپ اور ٹرانسپورٹ آلات شامل ہیں۔




چین میں تعینات پاکستانی سفیر مسعودخالد نے اس سلسلے میں کہا کہ اعدادوشمار سے واضح ہے کہ آئندہ 2 سے 3 سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 15ارب ڈالر کی تجارت کے ہدف کو حاصل کر لیا جائے گا، دونوں ممالک کی قیادت نے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی تاکہ اسے پاک چین اسٹریٹجک اشتراک اور سیاسی روابط کی سطح تک لے جایا جاسکے۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے سلسلے میں وزارت تجارت، ٹی ڈی اے پی اور ایف پی سی سی آئی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال چین میں منعقدہ کئی تجارتی میلوں اور نمائشوں بشمول یوروایشیاایکسپو، کنٹن فیئر، کنمنگ فیئر میں شرکت کی جس سے پاکستانی نمائش کنندگان کو اپنی مصنوعات کے ڈسپلے اور برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملی۔

پاکستانی ٹریڈرز خاظور پر طور ٹیکسٹائل، لیدر، اسپورٹس گڈز، قیمتی پتھروں اور ہینڈی کرافٹ کی برآمدات پر توجہ دے رہے ہیں، امید ہے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ مزید پاکستانی تجارتی وفد کو چین کے دورے اور تجارتی میلوں میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی، دونوں ملکوں کے درمیان بہترین اور وسیع تر اقتصادی ارکیٹیکچر موجود ہے اس سے مکمل طور پرفائدہ اٹھانے کیلیے برآمدات کو متنوع بنانے، ویلیوایڈیشن کے فروغ اور مصنوعات و خدمات کا معیار بہتربنانے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story