اپل تھارنگا کو سلو اوورریٹ کی سنگین خلاف ورزی پر کڑی سزا مل گئی، مقررہ وقت سے پورے 4 اوورز پیچھے رہنے پر آئی سی سی نے دو میچز کیلیے معطل کردیا۔
چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے میچ میں شکست کے ساتھ سری لنکا اپنے قائم مقام کپتان اپل تھارنگا کی خدمات سے بھی محروم ہوگیا، انھیں سلو اوور ریٹ کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے، کوٹے کے 50اوورز کرانے میں سری لنکا نے 4 گھنٹے سے زائدکا وقت لیا، اسے اپنے یہ اوورز ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل کرنا تھے۔
میچ ریفری ڈیوڈ بون نے سری لنکا کو مقررہ وقت سے 4 اوورز پیچھے رہنے کا مرتکب قراردیا۔مستقل کپتان انجیلو میتھیوز کی انجری کے باعث اس مقابلے میں ٹیم کی قیادت اپل تھارنگا نے کی تھی۔ سلو اوور ریٹ کی وجہ سے انھیں دو معطل پوائنٹس ایک ساتھ دیے گئے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ تھارنگا نے اپنا جرم اور سزا دونوں ہی قبول کرلیے ہیں جس کی وجہ سے معاملے کی رسمی سماعت کی ضرورت نہیں رہی، دو معطل پوائنٹس ملنے پر ایک ٹیسٹ یا پھر 2 ون ڈے یا 2 ٹوئنٹی 20 میچز میں پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے چونکہ آگے ون ڈے میچز ہی ہیں اس لیے تھارنگا اب گروپ بھی میں بھارت اور پاکستان کے خلاف میچز نہیںکھیل پائیں گے، اس کے ساتھ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 60، 60 فیصد میچ فیس جرمانہ کردیا گیا ہے۔ تھارنگا نے تسلیم کیاکہ انھیں میچ کے دوران ہی مقررہ وقت سے پیچھے رہنے کے حوالے سے خبردار کردیا گیا تھا، وہ کہتے ہیں کہ میرے خیال میں ہم اوورز کی تبدیلی کے دوران کافی سست رہے، امپائرز نے ہمیں پہلے ہی خبردار کردیا تھا کہ 10 اوورز کے بعد ہی ہم دو اوورز پیچھے رہ گئے تھے، آخر میں ویسے بھی آپ کو سوچ سمجھ کر بولنگ کرنا ہوتی ہے ایسے میں پہلے والے فرق کو ختم کرنا آسان نہیں ہوتا۔