کیا آپ اچھی پڑوسن ہیں

اپنے اندر وہ  صفات پیدا کریں جو دوسروں میں دیکھنا چاہتی ہیں

اپنے اندر وہ  صفات پیدا کریں جو دوسروں میں دیکھنا چاہتی ہیں۔ فوٹو: نیٹ

اچھا پڑوس ایک نعمت سے کم نہیں ہوتا۔ اگر اچھے ہمسائے مل جائیں تو بہت سے مسائل پیدا ہونے سے پہلے ہی حل ہوجاتے ہیں۔

سبھی کی خواہش ہوتی ہے کہ انھیں اچھے ہمسائے ملیں۔ یہ خواہش بہ آسانی پوری ہوسکتی ہے اگر آپ خود اپنے ہمسایوں کے لیے اچھا بن جائیں۔ اگر آپ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مثبت اور خوشگوار رویہ اپنائیں گے تو توقع رکھیے کہ آپ کو ان کی طرف سے ویسا ہی ردعمل ملے گا۔ پڑوسن سے جب بھی سامنا ہو تو سلام دعا کرنے میں پہل کی کوشش کریں۔ اچھے تعلقات استوار ہونے اور بے تکلفی کی فضا قائم ہوجانے کے بعد بھی اس بات کا خیال رکھیں کہ ہمسائی سے اس کے انتہائی ذاتی معاملات پر گفتگو نہ کریں۔ یہ بات اسے ناگوار بھی گزرسکتی ہے۔

پڑوسنوں سے ہمیشہ صرف عمومی دل چسپی کے معاملات پر بات کیجیے۔ مثلاروزمرہ کی مصروفیات، بازاروں میں لگنے والی کلیئرنس سیل، فیشن کی تازہ صورت حال ، ملکی اور شہر کی صورت حال، ٹی وی پروگرام وغیرہ اور اس قسم کی دیگر باتیں۔ البتہ مذہب ، سیاست اور اختلافی یا نجی معاملات پر گفت گو سے پرہیز کریں، کیوںکہ ان معاملات میں ہر انسان اپنی رائے رکھتا ہے۔

اچھی پڑوسن کی حیثیت سے ہمسائیوں کا دکھ سکھ بانٹنے کی کوشش کریں۔ اگر کوئی اپنی داستان غم سنائے تو غور سے اس کی بات سنیں۔ لاتعلقی اور سرد مہری کا رویہ اختیار نہ کریں۔ بعض عورتیں بے حد باتونی ہوتی ہیںاور دوسروں کی بات سننے میں دل چسپی کا مظاہرہ نہیں کرتیں۔آپ ایک اچھی سامع بن کر ان کے دل جیت سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ جب آپ خود گفت گو کریں تو اختصار سے کام لیں۔ اپنی گفت گو دل چسپ بنانے کے لیے حس مزاح اور شگفتہ بیانی سے کام لیں۔ یہ اندازہ گفت گو یقیناً آپ کی پڑوسن کو متأثر کرے گا۔


اچھی پڑوسن میں یہ خوبی بھی ہوتی ہے کہ وہ ہر طرح کی غیبت سے بچتی ہے۔ آپ اپنی پڑوسن کے ساتھ کسی کی غیبت میں ہرگز شریک نہ ہوں۔ غیبت کا مقصد کسی فرد کی اس کے پیٹھ پیچھے برائی کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہوتا۔ عام طور پر جہاں خواتین اکٹھی ہوتی ہیں وہاں غیبت ضرور ہوتی ہے۔ اچھی ہمسائی ہونے کی حیثیت سے آپ کو نہ صرف خود اس قبیح فعل سے بچنا چاہیے بلکہ اپنی پڑوسنوں کو بھی اس سے دور رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے مگر غیرمحسوس انداز سے تاکہ انھیں بُرا نہ لگے۔

آپ جو صفات ایک اچھی پڑوسن میں دیکھنا چاہتی ہیں وہ سب اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ اپنی پڑوسن کی کام یابی اور خوش حالی کو دیکھ کر خوش ہونا سیکھیں۔ اسی طرح اسکول، کالج یا عملی زندگی میں اس کے بچوں کی کام یابی پر کُھلے دل سے اسے مبارک باد دیں۔ حسد بالکل نہ کریں۔ اس سے عاقبت اور صحت، دونوں کے خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

اچھے ہمسائے ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔ دکھ درد میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ ان کے کسی عمل سے ایک دوسرے کو تکلیف نہیں پہنچتی۔ وقت پڑنے پر ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ اچھی پڑوسن کی حیثیت سے آپ کو بھی ان باتوں پر عمل کرنا چاہیے۔ اپنے پڑوسیوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ دیں، ہنگامی صورت حال درپش ہوجائے جیسے کوئی بیمار ہے، کسی کو فوری طور پر اسپتال لے جانا ہے یا کوئی اور مسئلہ ہے تو اپنی استطاعت کے مطابق مدد ضرور کریں۔ یہ مدد مالی بھی ہوسکتی ہے اور اخلاقی بھی۔ اگر پڑوسیوں کے ساتھ آپ کے تعلقات اچھے اور دوستانہ ہیں تو عین ممکن ہے کہ وہ خود آپ سے مدد اور تعاونکی درخواست کرے۔ ایسی صورت میں آپ ان کی پوری طرح مدد کریں۔ اگر پڑوسی کسی معاملے میں مشورہ یا راہنمائی طلب کرے تو پوری ایمان داری اور خلوص کے ساتھ مشورہ دیں اور راہنمائی کریں۔ ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں، اپنے لیے بھی اور دوسروں کے لیے بھی۔

اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ہمیشہ اخلاق سے پیش آئیں۔ گھر میں کوئی اچھی چیز پکے یا بازار سے لے کر آئیں تو قریب ترین پڑوسی کو بھی پیش کریں۔ اس سے آپس میں محبت بڑھتی ہے۔ اچھی پڑوسن بننا کوئی مشکل نہیں، بس آپ اپنے اندر وہ ساری صفات پیدا کرلیں جو اپنی ہمسائی میں دیکھنا چاہتی ہیں۔

 
Load Next Story