بارش کے باعث آسٹریلیا اور بنگلا دیش کا میچ بے نتیجہ ختم

بارش کے باعث میچ بے نتیجے ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا


ویب ڈیسک June 05, 2017
آسٹریلیا نے 16 اوورز میں ایک وکٹ پر 83 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا جانے والا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پانچواں میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہو گیا۔

لندن میں جاری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والا میچ بھی بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

بنگلا دیش کے 182 رنز کے جواب میں کینگروزکی بیٹنگ جاری تھی اور آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 83 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔ آسٹریلیا کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایرون فنچ تھے جو 45 کے مجموعی اسکور پر19 رنز بنا کر روبیل حسین کی گیند پرایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا جس پر امپائرز نے میچ کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا۔

اس سے قبل بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 44.3 اوورزمیں پوری ٹیم 182 رنزبنا کرپویلین لوٹ گئی۔ کینگروزکو پہلی کامیابی 22 رنزپر حاصل ہوئی جب سومیا سرکار صرف 3 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کا شکارہو گئے۔ دوسری وکٹ 37 کے مجموعی اسکور پر گری جب امرالقیس 6 رنز بنا کرکیومنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد بنگلا دیش کی وکٹیں خشک پتوں کی طرح جھڑتی رہیں، تاہم اس موقع پرتمیم اقبال نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 95 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بدقسمتی سے اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور مچل اسٹارک کا شکار بن گئے۔ تمیم اقبال نے گروپ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف بھی سینچری بنائی تھی۔

دیگر بلے بازوں میں صرف شکیب الحسن نے 29 جب کہ مہدی حسن نے 14 رنز بنائے، اس کے علاوہ کوئی بھی بنگلا دیشی کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکا۔کینگروز کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، ایڈم زمپا نے 2 جب کہ ہیزل ووڈ، ہیڈ اور کیومنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو اپنے پہلے گروپ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں