انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


Sports Desk June 06, 2017
انگلینڈ کی جانب سے روٹ نے 64،بٹلر نے 61 اور ایلکس ہیلز نے 56 رنز کی اننگز کھیلی- فوٹو: گیٹی امیج

چیمپیئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی۔

برطانیہ کے شہر کارڈف میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 3 اوورز میں 310 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45ویں ہی اوور میں 223 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن کپٹل اور لک رونچی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن رونچی اننگز کی چوتھی گیند پر ہی بولڈ ہوکر پویلین واپس چلے گئے اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کیلیے کپٹل کے ہمراہ 62 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس دوران کپٹل 27 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد روس ٹیلر بیٹنگ کے لیے آئے اور 95 رنز کی شراکت قائم کی، ولیمسن نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 87 رنز کی انگز کھیلی جب کہ ٹیلر 93 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ دونوں تجربہ کار بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم 223 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ عادل رشید ، جیک بال نے 2،2 اور بین اسٹوک اور مارک ووڈ نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو انگلش ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب جیسن روئے 37 کے مجموعی اسکور پر ایڈم ملنی کی گیند پرکلین بولڈ ہوگئے،وہ ٹیم کے مجموعی اسکور میں صرف 13 رنز کا اضافہ کرسکے،ان کے بعد ایلکس ہیلزاور جوئے روٹ نے 81 رنز کی پارٹز شپ قائم کی۔ 118 کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز 56 رنزبنا کر روٹ کا ساتھ چھوڑ گئے انہیں بھی ایڈم ملنی نے کلین بولڈ کیا۔انگلش کپتان مورگن زیادہ اسکورکرنے میں ناکام رہے اور 13 رنز بناکر ایںڈرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ جوئے روٹ 188 کے مجموعی اسکور پر اینڈرسن کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے ،انہوں نے 64 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 شاندار چھکے بھی شامل تھے۔ان کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین اسٹوک تھے جو 48 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر جوس بٹلر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ دیگر انگلش بلے بازوں میں کوئی خاطر خواہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔

کیویز کی جانب سے ایڈم ملنی اور کورے اینڈرسن نے 3،3 ،ٹیم ساؤتھی نے 2 جب کہ بولٹ اور سینٹنر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے چیمپئنزٹرافی کے ابتدائی معرکے میں انگلینڈ نے بنگلادیش کو شکست سے دوچار کیا تھا جب کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں