موبائل فون اعتدال سے استعمال کیجیے
نیویارک اسپائن سرجری اینڈ ری ہیبلیٹیشن میڈیسین کی ایک تحقیق کے مطابق جب لوگ اسکرین کو دیکھنے کے لیے سر آگے جھکائیں، چاہے وہ معمولی ہی سا ہو، تو اس سے ہماری گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر 60 پونڈز کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
کیا آپ اپنی گردن پر اتنا وزن اٹھا سکتے ہیں جو ایک آٹھ سالہ بچے جتنا ہو ؟ اور کیا آپ یہ کام روزانہ دو گھنٹے سے زائد کرسکتے ہیں؟پاکستان میں موبائل فون کے استعمال کا دورانیہ واضح نہیں مگر امریکا میں اوسطاً ہر شخص روزانہ دوگھنٹے بیالیس منٹ اپنے موبائل فون کو استعمال کرتے ہوئے گزارتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ قدرتی پوزیشن پر کسی بالغ شخص کے سر کا وزن 10 سے 12 پونڈ ہوتا ہے۔ تاہم جب اسے آگے جھکایا جائے تو اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔ نتیجے میں گردن کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی پر بھی دباؤ بڑھتا ہے اور کمر و گردن میں درد کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔چناں چہ امریکا میں ریڑھ کی ہڈی سے متعلق امراض کی شرح میں گزشتہ دہائی کے دوران دوگنا اضافہ ہوچکا۔
واضح رہے ، ایک دوسری تحقیق میں انتباہ کیا گیا تھا کہ موبائل ڈیوائس پر بہت زیادہ وقت گزارنا درمیانی عمر میں بینائی کے مسائل کا باعث بنتا ہے۔ تحقیق کے مطابق موبائل کی اسکرین کمپیوٹر کے مقابلے میں چھوٹی ہوتی ہے ۔ اس وجہ سے آنکھوں کو سکیڑنا پڑتا ہے جس سے بینائی پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔