ایوان صدر میں چیئرمین نیب کے استعفیٰ نگراں سیٹ اپ پرمشاورت

وزیراعظم بھی شریک ہوئے، رحمن ملک، حنا ربانی، ملک آصف حیات اور دیگر کی صدر سے ملاقاتیں

وزیراعظم بھی شریک ہوئے، رحمن ملک، حنا ربانی، ملک آصف حیات اور دیگر کی صدر سے ملاقاتیں فوٹو: فائل

PESHAWAR:
صدرآصف زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کے کور گروپ کے اجلاس میںآ ئندہ انتخابات، ملک کی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی ہے۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایوان صدر میں ہونیوالے اجلاس میں وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ میں زیر سماعت مقدمات، نگران سیٹ اپ، چیئرمین نیب فصیح بخاری کے استعفے اور دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی۔


قبل ازیں وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کرکے چیئرمیں نیب فصیح بخاری کے استعفے پر مشاورت کی۔ اس موقع پر اسمبلیوں کی تحلیل، عام انتخابات اور نگران سیٹ اپ کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔ ثناء نیوز کے مطابق صدر و وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتخابات اور جمہوریت کے خلاف غیر جمہوری عناصر کے ممکنہ عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام جمہوری قوتیں یکجا ہیں۔ علاوہ ازیں صدر زرداری سے وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے ملاقات کی اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔



ملاقات میں کراچی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین ملک آصف حیات، ہائیڈرو مائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیئرمین مسٹر پیٹر ایل نے بھی صدر سے الگ الگ ملاقات کی۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ حکومت عام انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں کرنا چاہتی، طاہر القادری کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ ایک نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مذاکراتی ٹیم نے طاہر القادری سے ہونے والے مذاکرات پر اجلاس کو اعتماد میں لیا۔

Recommended Stories

Load Next Story