تیراہ چوتھے روز بھی لڑائی اورکزئی میں بمباری31افراد ہلاک

باڑہ کمرخیل میں تازہ جھڑپیں،4طالبان فرارکی کوشش میں مارے گئے،4روزہ جھڑپوں میں 80طالبان جنگجوہلاک ہوئے،انصارالاسلام.


Numaindgan Express January 29, 2013
اورکزئی میں بمباری سے شدت پسندوں کے 5ٹھکانے ،بارود سے بھری گاڑی بھی تباہ، پشاور میں بھاری اسلحہ اور گولہ بارود پکڑاگیا. فوٹو : فائل

وادی تیراہ میں تحریک طالبان اور انصار الاسلام کے درمیان پیر کو چوتھے روز بھی جھڑپیں جاری رہیں۔

جس میں 4 رضاکاروں سمیت مزید 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ انصار الاسلام نے طالبان کے 4 قیدیوں کو فرار ہونے کی کوشش پر فائرنگ کرکے مارڈالا ۔ تیراہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق کالعدم لشکر اسلام نے تیراہ کمرخیل کے دور افتادہ علاقہ تخت کئے پر حملہ کیا حملے میں شدت پسندوں نے مورچے کا کنٹرول سنبھال لیا تاہم بعد ازاں امن کمیٹی کے رضا کاروں نے دوسری جانب سے شدت پسندوں پر حملہ کر دیا جس میں کمرخیل امن کمیٹی کے 3 رضا کار بحق اور 3 زخمی ہوئے جبکہ اہم کمانڈر سمیت 10 شدت پسند جن میں خیال مت ،لالوکئے اور جمال شامل ہیں ہلاک ہوئے ۔ امن کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ میں اہم کمانڈر سمیت 27 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے ۔



تازہ جھڑپوں میں انصار الاسلام کے ایک رضا کار مزمل کے جاں بحق اور کئی کے زخمی ہونیکی بھی اطلاع ہے۔ ادھر انصارالاسلام نے طالبان کے 4 قیدیوں کو فرار ہونے کی کوشش پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، انصارالاسلام نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 روزہ جھڑپوں میں طالبان کے 80 شدت پسندوں کو ہلاک اور 10 کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انصارالاسلام کے ترجمان سعادت آفریدی نے رابطہ پر بتایا کہ انصارالاسلام نے طالبان کے تمام حملے ناکام بنائے ہیں ، قسمت سنگر پر جھڑپیں اور کوکی خیل کی جانب پیش قدمی جاری ہے، ماموزئی پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق جھڑپوں میں بڑی تعداد میں گولے عام لوگوں کے گھروں پر گرے ہیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں،کشیدہ صورتحال کے باعث علاقہ سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں