سیکریٹری صنعت کی زیرصدارت آٹوموٹیوپالیسی پراجلاس

آٹوسیکٹرمیں سرمایہ کاری کی پیشکشوں کوتیزی سے پروسیس کرنے کی ہدایت


Khususi Reporter June 07, 2017
سرمایہ کاروں کوتاخیرنہ ہونے دینے کی یقین دہانی،مشکلات کی آگہی دینے پرزور فوٹو: فائل

وفاقی سیکریٹری برائے وزارت صنعت و پیداوار خضر حیات گوندل کی صدارت میں منگل کو آٹوموٹیوڈیولپمنٹ پالیسی (اے ڈی پی)2016-21 کے تناظر میں آٹو انڈسٹری کے سی ای اوز کا اجلاس ہوا جس میں مختلف ممالک کے ساتھ مستقبل میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں سیکریٹری صنعت و پیداوار کے علاوہ سی ای او انجینئرنگ بورڈ، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت کے افسران اورکمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔سیکریٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ سرمایہ کاری کی تجاویز کی برق رفتار پروسیسنگ اور تمام متعلقہ سہولتوں کی فراہمی کیلیے حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اس شعبے کوترجیح دیںگے۔

انھوں نے ممکنہ سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ کسی بھی سطح پر کسی رکاوٹ کا تاخیر کاسبب نہیں بننے دیا جائے گا، اگرسرمایہ کاروں کو اپنے کیسز کی ہموار پروسیسنگ میں مشکلات درپیش ہوں تو وہ سیکریٹری صنعت وپیداوار یا سرمایہ کاری بورڈ کے علم میں لائی جائیں۔ سیکریٹری نے ہر15روز میں ایسے ہی اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا تاکہ ایسی تمام سرمایہ کاری تجاویز پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد کرایا جاسکے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے سیکریٹری چوہدری اظہر علی نے سیکریٹری صنعت و پیداوار کے تاثرات کی تائید کی اور وعدہ کیا کہ سرمایہ کاری بورڈ تمام تجاویز پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔

سی ای او' ای بی ڈی نے سیکریٹری کواے ڈی پی2016-21میں تمام گرین انویسٹمنٹ کیسز پر پیشرفت سے آگاہ کیا اور سرمایہ کاروں کے پروپوزلز میں خامیوں کی نشاندہی کی۔ سیکریٹری صنعت و پیداوار نے ای ڈی بی کو تمام کیسز کی اہلیت کے تعین کیلیے انھیں پالیسی کے فریم ورک کے اندر تیزی کے ساتھ پروسیس کرنے کی ہدایت کی۔

ملاقات میں کیو کیئر آٹو موٹیو کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ، فوٹون جے ڈبلیو آٹو پارک پرائیویٹ لمیٹڈ، حبیب انیق پرائیویٹ لمیٹڈ، ہنڈائی نستاؤ موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ، خالد مشتاق موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ، گلیا موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ، پاک چائنا موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ، ایگل آٹو موبائل انڈسٹریز اور یونائیٹڈ موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں