قطر نے پاکستانی عمرہ زائرین کیلیے عمان ایئر کی خدمات حاصل کرلیں
500 پاکستانی مسافر پھنسے ہوئے ہیں، مسافر،خصوصی پروازیں چلائی جائینگی، سی ای پی آئی اے
قطر ایئر لائن نے دوحہ قطرایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانی عمرہ زائرین کو سعودی عرب پہنچانے کیلیے عمان ایئر لائن کی خدمات حاصل کر لی ہیں.
قطراور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان پروازیں معطل ہونے سے دوحہ ایئر پورٹ پر پھنسنے والے سیکڑوں پاکستانی مسافر جن میں عمرہ زائرین بھی شامل ہیں، عمان ایئر لائن اب انھیں منزل مقصود تک پہنچائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مسافروں نے بتایا کے قریباً 500 پاکستانی مسافر دوحہ ایئرپورٹ پر گزشتہ 2 روز سے پھنسے ہوئے ہیں، قطری وزیرخارجہ کے مطابق مذاکرات کیلیے تیار ہیں، پڑوسی ملکوں کے اقدامات پر جوابی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتے، دریں اثنا آئی این پی کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر نیر حیات نے قطر میں پھنسے پاکستانیوں کیلیے کنٹری منیجر کوخصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوحہ میں پھنسے پاکستانیوں سے رابطہ کریں اور ان کیلیے ضروری اقدامات کیے جائیں.
پی آئی اے کے حکام دوحہ میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہیں، پاکستانیوں کو واپس لانے کیلیے ضرورت پڑنے پر خصوصی پروازیں بھی چلائی جائیں گی، نیر حیات نے مارکیٹنگ اور ایئرپورٹ سروسز کے ڈائریکٹروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کی مدد کیلیے مناسب پلاننگ کریں۔