ملک بھر میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا

شکارپور، گھوٹکی، لاڑکانہ اور محرابپور سمیت دیگر شہروں ميں 6 سے 8 اور دیہات ميں 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔


ویب ڈیسک January 29, 2013
لاہورمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12سے 15گھنٹے تک جاپہنچا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے فوٹو: فائل

ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے زندگی مشکل بنادی ہے ، لاہورمیں دورانیہ 12 سے 15 گھنٹےتک جاپہنچا جب کہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کی زندگی مشکل ہو گئی ہے ، لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،صوبائی دارالحکومت میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12سے 15گھنٹے تک جاپہنچا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا ہے۔

ملتان سمیت جنوبی پنجاب ميں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیاہے ، جس کے باعث پاورلومز انڈسٹری شدید متاثر ہورہی ہے ، فیصل آباد ریجن میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہےاور صنعتی سیکٹرز میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے پیداواری عمل بری طرح متاثرہورہا ہےجس کے باعث مزدوربھی بڑی تعداد میں بیروزگار ہوگئے ہیں۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،سکھر میں گھنٹہ گھر، شہید گنج، بیراج روڈ اور ملحقہ علاقوں میں رات 3 بجے سے صبح تک بجلی کا طویل بریک ڈاؤن رہا اس کے علاوہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ شکارپور، گھوٹکی، لاڑکانہ اور محرابپور سمیت دیگر شہروں ميں 6 سے 8 اور دیہات ميں 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں بھی بجلی کی طویل اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں