توقیر صادق کو دبئی سے گرفتار کرکے ابوظہبی جیل منتقل کردیا گیا

اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق دبئی میں اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ ٹریول ایجنسی کا کام کر رہے تھے، ذرائع


/ January 29, 2013
سابق چیئرمین اوگراتوقیرصادق پر80 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستانی ٹیم نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو دبئی سے گرفتار کر کے ابوظہبی کی جیل خالدیہ منتقل کردیا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر وقاص نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نیب کی ٹیم نے دبئی پولیس کی مدد سے سابق چیئرمین اوگراتوقیر صادق کو گرفتار کر لیا ہے، توقیر صادق کی گرفتاری کے لئے 3 رکنی ٹیم دبئی گئی تھی ٹیم میں نیب کے 2 اور سی آئی ڈی کا ایک افسر شامل تھا۔ توقیر صادق کو ایک یا دو روز میں پاکستان منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق توقیر صادق دبئی میں اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ ٹریول ایجنسی کا کام کر رہے تھے اور احمد پور شرقیہ کا رہائشی طاہر نامی شخص توقیر صادق کے کاروبار میں شراکت دار ہے۔ توقیر صادق نے 2 روز قبل ایک لاکھ درہم اپنے رشتہ دار وسیم کے ذریعے پاکستان سے دبئی منتقل کئے جس کے بارے میں نیب نے تمام ریکارڈ اکٹھا کر لیا ہے۔

دوسری جانب جیل میں منتقل کرنے کے بعد ویزہ ختم ہونے پر نیب کی ٹیم واپس پاکستان پہنچ گئی ہے تاہم ٹیم دوبارہ ویزہ حاصل کر کے دبئی روانہ ہوگی اور توقیر صادق کو پاکستان لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اوگرا عملدرآمد کیس میں سابق چیئرمین اوگراتوقیرصادق پر80 ارب روپے سے زائد کرپشن کے الزام میں گرفتاری کا حکم دے رکھا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں