حکومت جے آئی ٹی کے معاملے پر برداشت کا اعلیٰ مظاہرہ کررہی ہے مشاہداللہ خان

جے آئی ٹی میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی تضحیک کی گئی، طارق فضل چوہدری


ویب ڈیسک June 07, 2017
عمران خان نے اس ملک میں جمہوریت کی قبر بنائی ہے، مشاہداللہ خان۔ فوٹو: پی آئی ڈی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر مشاہداللہ خان کا کہنا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ وزیراعظم اور شریف خاندان کے ہاتھ صاف ہیں جب کہ جے آئی ٹی کے معاملے پر حکومت برداشت کا اعلیٰ مظاہرہ کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے پہلے ہی روز کہہ دیا تھا کہ تمام ادارے جے آئی ٹی سے تعاون کریں، حکومت کو سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے اور پاناما کی جے آئی ٹی سے بڑی امیدیں ہیں، تحریری طور پر جے آئی ٹی پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا لیکن انصاف ایسا ہو جو سب کو نظر آئے، ایک جے آئی ٹی کا رکن سیاسی رہنما کا رشتہ دار ہے، انتقام کو ذہن سے نکالنے سے ہی ملک ترقی کرے گا، اگر کسی کے ذہن میں انتقام ہے تو اس کو نکال لے۔ ان کا کہنا تھا کہ سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے لوگوں کا بھی احتساب ہونا چاہیئے، عمران خان کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں، ان کا اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کا بھی احتساب ہونا چاہیئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نواز شریف کے مستعفی ہونے تک جے آئی ٹی آزادانہ کام نہیں کرسکتی

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف اور شریف خاندان کے ہاتھ صاف ہیں، مشرف دور میں بھی شریف خاندان کے احتساب کی کوشش کی گئی، حسین اور حسن نواز 3 ماہ تک سول لائنز جیل میں بند رہے اور ان کا کھانا پینا بھی بند کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود انتقامی سیاست نہیں کی گئی جب کہ عمران خان سے صرف 6 روز تک بنی گالہ چھینا گیا تو ان کی عقل ٹھکانے آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کی ترقی کی علامت ہیں اور بین الاقوامی ادارے پاکستان کی ترقی کا اعتراف بھی کر رہے ہیں، وزراعظم نواز شریف نے ملک اور اداروں کی خاطر تکالیف برداشت کیں جب کہ عمران خان نے اس ملک میں جمہوریت کی قبر بنائی ہے، انہیں صرف اداروں کو گالیاں اور دھمکیاں دینا آتا ہے، کوئی ان کو سمجھانے والا نہیں کہ کپتان صاحب یہ کرکٹ نہیں ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: یہ جے آئی ٹی ہے یا قصائی کی دکان؟ طلال چوہدری

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے 4 بار پیش ہوئے جب کہ حسن نواز بھی جے آئی ٹی کے کہنے پر بیرون ملک سے آکر پیش ہوئے لیکن اس کے باوجود کہا جا رہا ہے کہ ہم جے آئی ٹی کو متنازع بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی تضحیک کی گئی، کارروائی خفیہ ہونے کے باوجود حسین نواز کی تصویر لیک ہو گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں