’’ برقع پہننے سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہوجاتی ہے ‘‘

برطانوی سیاسی جماعت پابندی لگانے کی خواہاں۔


غزالہ عامر June 08, 2017
برطانوی سیاسی جماعت پابندی لگانے کی خواہاں ۔ فوٹو : فائل

KARACHI: برطانیہ کی انڈیپینڈنس پارٹی ( UKIP) دائیں بازو کی سیاسی جماعت ہے۔ کئی مغربی ممالک میں مسلم خواتین کے حجاب پہننے پر پابندی عائد ہے مگر یہ جماعت برطانیہ میں برقع پر پابندی عائد کرنے کی حامی ہے۔ ' یُوکپ' کے انتخابی منشور میں درج ہے کہ مسلمان عورتوں کو برقع نہ پہننے کا پابند کیا جائے۔

جن ممالک میں حجاب پر پابندی عائد ہے وہاں یہ قدم دہشت گردی کے خطرات کو محدود تر کرنے کی غرض سے اٹھایا گیا تھا۔ ان ممالک کی حکومتوں کو خطرہ ہے کہ چہرہ دکھائی نہ دینے کے باعث شناخت ممکن نہیں ہوتی اور کوئی دہشت گرد اس کا فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ مگر یُوکپ کے پاس برقع پر پابندی کا عجیب وغریب جواز ہے۔ پارٹی کے کرتا دھرتا سمجھتے ہیں کہ کہ برقع پہننے سے خواتین کے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی واقع ہوجاتی ہے جو ان کی صحت کے لیے خطرناک ہے!

برطانیہ میں عام انتخابات آٹھ جون کو منعقد ہورہے ہیں اس لیے انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور ہر سیاسی جماعت عوام کی توجہ حاصل کرنے تگ ودو میں ہے۔ اس مقصد کے لیے سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے منشور میں ہر وہ نکتہ شامل کیا ہے جو ان کے خیال میں عوامی دل چسپی کا حامل ہے اور ان کے ووٹوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

مانچسٹر میں ہونے والے خود کش دھماکے بعد انتخابی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل ہوگئی تھیں۔ کئی سیاسی جماعتیں ہنوز انتخابی سرگرمیوں سے دور ہیں مگر یُوکپ نے ووٹروں کی توجہ حاصل کرنے کی کوششیں دوبارہ شروع کردی ہیں۔ دائیں بازو کی سیاسی جماعت کا منشور کہتا ہے:'' شناخت چُھپانے والا لباس ابلاغی عمل میں رکاوٹ بنتا ہے، اس کی وجہ سے روزگار ملنے کے مواقع محدود ہوجاتے ہیں، گھریلو تشدد کے شواہد چُھپ جاتے ہیں اور جسم کو وٹامن ڈی کی درکار مقدار نہیں مل پاتی۔'' مزید لکھا ہے:'' کسی کو اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کا حق حاصل نہیں۔ اگر کوئی شے مسلم خواتین کی آزادی کی راہ میں حائل ہے تو وہ نقاب اور برقع ہے۔ ''

اپنے موقف کی تائید میں یُوکپ تحقیقی مطالعات کا ذکر کرتی ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ پورے جسم کو ڈھانپ کر رکھنے کی وجہ سے مسلمان عورتیں وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہوجاتی ہیں، کیوں کہ دھوپ ان کی جلد تک نہیں پہنچ پاتی۔ اس ضمن میں سعودی عرب میں کی گئی ایک تحقیق کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے جو اسکول کی طالبات پر کی گئی تھی۔ تحقیق کا موضوع طالبات میں وٹامن ڈی کی کمی کی وجوہات تھا۔

کیا وٹامن ڈی کی کمی، برطانیہ میں برقع پر پابندی کا ٹھوس جواز ہوسکتی ہے؟ ماہرین کے مطابق اس کا جواب نفی میں ہے۔ یہ کئی وجوہات میں سے ایک وجہ ضرور ہوسکتی ہے مگر یُوکپ کے برسراقتدار آنے کے باوجود، جس کا امکان بہت کم ہے، صرف اس بنیاد پر مسلمان عورتوں کو نقاب اور برقع پہننے سے روکا نہیں جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں