ہاکی گرین شرٹس کی آئر لینڈ جونیئر کیخلاف کامیابی

آندھی اور بارش سے متاثرہ میچ میں 3-2 سے فتح پائی، ابوبکر، عبدالحسیم اور عرفان نے گیند کو جال کی راہ دکھائی

کھیل ختم ہونے کے دو منٹ قبل آئرلینڈ نے گول کر کے مقابلہ 3-2 کر دیا۔ فوٹو : فائل

پاکستان ہاکی ٹیم نے بڑوں کا بدلہ چھوٹوں سے لے لیا، آئرلینڈ کی انڈر21 ٹیم کو 2کے مقابلے میں3گول سے شکست دے کر 2میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

آئرلینڈ سے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں اسسٹنٹ قومی ٹیم منیجر کرنل (ر) محسن کا کہنا ہے کہ دورئہ آئرلینڈ کا بنیادی مقصد حاصل کر لیا ہے،کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹریننگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پلیئرز سے عمدہ کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں عبدالحسیم خان کی قیادت میں آئرلینڈ میں موجود ہے اور میزبان سائیڈ کے خلاف 3 میچز کی سیریز کھیلنے کے بعد آئرلینڈ21 کے خلاف بھی مقابلوں کا آغاز کر دیا ہے۔

پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 2 کے مقابلے میں3 گول سے شکست دی، کھلاڑیوں کا مقابلے کے دوران شدید آندھی اور بارش کے ساتھ بھی میچ رہا، رہی سہی کسرشدید سردی نے پوری کر دی، بلفاسٹ میں ہونے والے 2 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور دسویں منٹ میں ہی ابوبکر کے ذریعے گول کرنے میں کامیاب رہی، صرف پانچ منٹ کے بعد آئرلینڈ نے بھی گیند کو جال کے اندر پھینک کر مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔


پہلا ہاف ختم ہونے کے صرف ایک منٹ قبل کپتان عبدالحسیم خان نے حریف سائیڈ کی دفاعی لائن کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے بڑی خوبصورتی سے گیند کو جال کا راست دکھا کر ایک بار پھر پاکستانی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلا دی۔

دوسرے ہاف کے آٹھویں منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف سائیڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ وہاں پر پہلے سے موجود محمد عرفان نے ساتھی کھلاڑیوں کے پاس پر گول کر کے اسکور 3-1 کر دیا، کھیل ختم ہونے کے دو منٹ قبل آئرلینڈ نے گول کر کے مقابلہ 3-2 کر دیا تاہم وہ میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

یاد رہے کہ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ادھر اسسٹنٹ قومی ٹیم منیجر کرنل(ر) محسن کا کہنا ہے کہ دورئہ آئرلینڈ کا بنیادی مقصد حاصل کر لیا ہے،کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹریننگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

گزشتہ روز نمائندہ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کی انڈر21 ٹیم میں سینئر ٹیم کے بھی 3 سے 4کھلاڑی موجود تھے جنہوں نے جونیئرز کے ساتھ مل کر پاکستان کیخلاف اچھا کھیل پیش کیا، میچ کے دوران تیز آندھی کیساتھ شدید بارش بھی جاری رہی اور درجہ حرارت بھی 7 سے8 ڈگری سنٹی گریڈ تک رہا،جس کی وجہ سے بھی کھلاڑی وہ پرفارمنس نہ دے سکے جو انھیں دینی چاہیے تھی تاہم کرنل محسن کا کہنا تھا کہ فکر کرنے والی کوئی بات نہیں ہے، ٹیم پہلے سے بہت اچھا پرفارم کر رہی ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ ساتھ ان کے کھیل میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
Load Next Story