پنجاب میں متعدد شہروں میں طوفانی بارشیں 8 افراد جاں بحق

رجانہ میں دربار کا برآمدہ گرنے سے3 ملنگ ہلاک، پاکپتن میں چھت تلے دب کر ارشاد بی بی دم توڑ گئی


اڈہ پنواں کے قریب بے قابو ویگن ٹرک سے ٹکرا کر الٹ گئی، ایک ہی خاندان کے 3 افراد دم توڑ گئے، 14زخمی، 4 کی حالت تشویشناک۔ فوٹو : فائل

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کے بیشتر شہروں میں شدید بارش اور طوفانی آندھی کے باعث چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے سمیت دیگر حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 8افراد جاں بحق اوردرجنوں شدید زخمی ہو گئے جبکہ کھمبے اور درخت اکھڑنے سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔

پاکپتن کے گاؤں 31/Sp میں بوسیدہ چھت گرنے سے ملبہ تلے دب کر 45سالہ ارشاد بی بی جاں بحق جبکہ اس کی 15سالہ بیٹی رمشا اور 12سالہ بیٹا رمضان زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122اسٹیشن کے قریب مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے محمود، مشتاق جبکہ چک کریاں والا میں چھت گرنے سے شفیق زخمی ہو گیا، اوکاڑہ کے علاقے صالحول میں سحری کے وقت ایک نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

ادھر رجانہ کے نواحی گاؤں چک نمبر269گ ب میں بارش کے دوران بابا بودی شاہ کے دربار میں برآمدہ کی چھت گرنے سے چک نمبر270گ ب کے رہائشی 60 سالہ نصرت، 65 سالہ اسلم اور 269گ ب کا رہائشی 85 سالہ اللہ دتہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، ننکانہ صاحب کے علاقے اڈہ پنواں کے قریب ویگن ڈیوائڈر سے ٹکرانے کے بعد ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 3افراد جاں بحق اور 14افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تمام افراد اپنے قریبی عزیز کو لاہور ایئر پورٹ پر الوداع کر کے واپس آ رہے تھے کہ شیخوپورہ فیصل آباد روڈ پر اڈہ پنواں کے قریب ان کی ویگن بے قابو ہو کر ڈیوائڈر سے ٹکرانے کے بعد ٹرک سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ارشد، عظمی بی بی اور حسنین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ14مسافر شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے 4 افراد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل خیبر پختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان، کشمیر، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن اور اسلام آباد میں بارش جبکہ ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش ساہیوال29، قصور25، ٹوبہ ٹیک سنگھ20، اوکاڑہ 19ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور میں 10ملی میٹر بارش ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |