بلوچستان میں گورنر راج جمہو ریت پر کاری ضرب ہے حافظ حسین

جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی نے اپنی ہی حکومت پر شب خون مارا، کارکنوں سے گفتگو

پیپلز پارٹی کی حکومت نے بلوچستان میں گورنر راج لگا کر اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھا ہے۔ فوٹو: فائل

جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اگر بلوچستان کے مسئلے کا حل گورنر راج ہے، تو اس کے مقابلے میں کراچی کے حالات انتہائی خراب ہیں، تو پھرسندھ میں بھی گورنر راج لگایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو آئی حیدرآباد کے مقامی رہنماعبدالعزیز قریشی کے صاحبزادوں کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر ضلعی جنرل سیکریٹری حافظ خالد حسن دھامرہ اور حافظ اعظم جہانگیری کی قیادت میں کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بلوچستان میں گورنر راج لگا کر اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھا ہے اور جمہوریت پر کاری ضرب لگائی ہے، بلوچستان کے مسئلے کا سیاسی حل نکالنا چاہیے۔




افسوس کا مقام ہے کہ جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی نے اپنی ہی حکومت میں جمہوریت پر شب خون مارا اور گورنر راج کے نام پر بلوچستان میں منی مارشل لاء لگا دیا ہے، قوم پیپلز پارٹی کی دوغلی پالیسی کو اب سمجھ گئی ہے اور بلوچستان کے عوام آنے والے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو یکسر مسترد کر دیں گے۔ وفد میں ہمایوں خان مندوخیل، حافظ عبدالباسط دھامراہ، عبیدالرحمان عثمانی، مفتی عطاء الرحمان شمس، مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن شامل تھے۔
Load Next Story