لانڈھی بھتہ نہ دینے پر تاجر کے گھر پردستی بم سے حملہ تاجروں اور مکینوں کا واقعے کیخلاف احتجاج

فیاض الیکٹرانکس مصنوعات کا تاجر ہے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی.

علاقے میں بھتہ خوری بڑھتی جارہی ہے،متعدد باراعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، مظاہرین. فوٹو: فائل

لانڈھی میں بھتہ خوروں نے بھتہ نہ دینے پر تاجر کے گھر پر دستی بم سے حملہ کردیا۔

خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، واقعے کے خلاف تاجروں اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری کی وارداتوں پر فوری طور پر قابو پایا جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کی حدود لانڈھی 89 ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب مقامی تاجر محمد فیاض خان کے گھر پر نامعلوم ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جوکہ خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

قائد آباد پولیس کے مطابق محمد فیاض خان الیکٹرونکس مصنوعات کا تاجر ہے اور اس کی گھر کے نیچے ہی الیکٹرونکس مصنوعات کی دکان ہے، واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ ہے ، پولیس نے فیاض خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 37/13 بجرم دفعہ 3/4 ایکسپلوزیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7-ATA کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ، پولیس نے بھتے کی طلب کردہ رقم بتانے سے انکار کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے بھتہ طلب کیا گیا ہے۔




علاوہ ازیں واقعے کے خلاف منگل کو تاجروں اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ، علاقہ مکینوں نے لانڈھی 89 کی مرکزی سڑک پر بھتہ خوری کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، مکینوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں بھتہ خوری کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں اور ملزمان انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ علاقے میں گھومتے ہیں لیکن پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔

اس سلسلے میں متعدد بار اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ، علاقے میں کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہوتا جارہا ہے اور تاجروں کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ گئی ہے ، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بھتہ خوری کی وارداتوں پر فوری طور پر قابو پایا جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے انھیں قرار واقعی سزا دی جائے ، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے۔
Load Next Story