خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

ناشتہ میں دہی کھانا
شہزاد علی ،لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں صبح جب ناشتہ کرتا ہوں تو میری بیوی میرے لئے ناشتہ کی میز کے اوپر دہی رکھتی ہے۔ دہی مجھے بہت پسند ہوتی ہے۔ میں سب سے پہلے دہی کھانی شروع کردیتا ہوں اور پھر میں ڈبل روٹی وغیرہ جام کے ساتھ کھاتا ہوں مگر دہی کھانے سے مجھے بہت لطف آتا ہے۔ دہی بڑی میٹھی اور مزیدار ہوتی ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق حلال میں برکت ہوگی۔ آپ کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوگا جس سے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ اگر کسی کے ساتھ کوئی مقدمہ بازی ہے تو اس مقدمہ بازی میں آپ کی فتح ہوگی۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔ کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کریں۔

قالین خریدنا
ڈاکٹر امین، اسلام آباد
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنی بیوی کے ساتھ ایک مارکیٹ میں ہوتا ہوں ۔ وہاں پر ہم اپنے گھر کے لئے کچھ سامان خرید رہے ہوتے ہیں کہ میری نظر ایک قالین پر پڑتی ہے۔ قالین بڑا خوشنما ہوتا ہے اور میں اس کو بڑے غورسے دیکھتا ہوں اور پھر دوکاندار سے اس کی قیمت دریافت کرتا ہوں ۔ قیمت مجھے مناسب لگتی ہے اور قالین بھی مجھے بہت پسند ہوتا ہے۔ میں اُس قالین کی قیمت ادا کرتا ہوں اور دکان کا مالک اپنے ملازم کو حکم دیتا ہے اور وہ قالین میری گاڑی میں رکھتا ہے تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی۔ گھر میں خوشحالی آئے گی کسی مالدار عورت سے شادی ہو سکتی ہے۔گھر میں آرام اور سکون ملے گا ۔ مال اور دولت میں اضافہ ہو گا۔ جس سے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمﷺ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں اور حضور نبی کریمﷺ کے اخلاق حسنہ پر عمل کیا کریں۔

گھر کا تالہ کھولنا
شاہدہ بیگم، حیدر آباد
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں جب اپنے دفترسے واپس گھر آتی ہوں تو گھر کے دروازے پر ایک بڑا سا تالہ لگا ہوتا ہے ۔ میں بہت زیادہ پریشان ہو جاتی ہوں کہ گھر والے کہاں گئے ہیں ۔ پھر میں چابیوں کا گچھا اپنے پرس سے نکالتی ہوں اور پھر ایک ایک چابی کو لگاتی ہوں تو ایک چابی سے گھر کا تالہ کھل جاتا ہے۔ تالا کھولنے کے بعد اپنے کمرے میں آتی ہوں اور جو سامان بازار سے خرید کر لاتی ہوں اُس کو میز کے اوپر رکھتی ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر:۔اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے دین اور دنیا کے تمام کام خیرو عافیت سے سرانجام پا جائیں گے، کاروبار میں برکت ہو گی جس سے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں ۔

اپنے ہاتھ میں قلم دیکھنا
امجد علی ، راولپنڈی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں ہوتا ہوں اور وہاں پر میرا ایک دوست آتا ہے اور مجھے ایک قلم (پن) تحفہ کے طور پر دیتا ہے ۔ پھر میں نے دیکھا کہ میں نے وہ قلم اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوا ہوتا ہے اور میں اس قلم سے کاغذ کے اوپر کچھ تحریر کر رہا ہوتا ہوں۔ قلم بڑا خوبصورت اور جاذب نظر ہوتا ہے اور اُس کی نب بھی بہت اچھی ہوتی ہے اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ بیرسٹر یا جج کے عہدے پر مقرر کیے جا سکتے ہیں ۔ قاضی یا فیصلہ کرنے والے بن سکتے ہیں۔ آپ کسی کتاب کے مصنف بھی بن سکتے ہیں۔ آپ کی وجہ شہرت تحریر ہو سکتی ہے۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے کاروبار میں بھی برکت ہو گی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔

چرخے پر سوت کاتنا
ثریا بیگم ، فیصل آباد
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے پرانے گھر میں ہوتی ہوں اور وہاں پرانے زمانے کا چرخہ بھی ہوتا ہے اور میں بڑی بوڑھی عورتوں کی طرح اس چرخہ پر روئی سے سوت کات رہی ہوتی ہوں۔ میرے سامنے کافی تعداد میں روئی ہوتی ہے اور اس روئی کو میں چرخہ کے اوپر کات کات کر دھاگہ بنا کر رکھ رہی ہوتی ہوں اور میں اندر سے بہت خوش ہوتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر:۔اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کپڑے کی تجارت آپ کے لئے بہتر رہے گی۔ آپ کے لئے سوت یا کپڑے کے کاروبار میں برکت ہو گی اور رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ آپ کی عزت اور توقیر میں بھی اضافہ ہو گا ۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔

بازار میں کھیرکھانا
حاجی امین احمد،فیصل آباد
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ایک دوست سے ملنے کے لئے اس کے گھر جاتا ہوں اور پھر ہم دونوں بازار میں گھومنے چلے جاتے ہیں۔ میرا دوست بازار سے کچھ چیزیں خریدتا ہے اور پھر وہ مجھے بتاتا ہے کہ بازار میں ایک نئی دکان کھلی ہے جس کی کھیر بہت اچھی ہوتی ہے۔ ہم دونوں اس دکان پر آتے ہیں اور دوکاندار ہمیں دو بڑے بڑے کھیر کے پیالے دیتا ہے ۔کھیر بہت زیادہ مزیدار ہوتی ہے۔ ہم بڑی خوشی سے کھاتے ہیں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو کوئی خوشی ملے گی ۔ اور آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔آپ کو چھوٹی چھوٹی خوشیاں نصیب ہوں گی ۔گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں ۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریم ﷺ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں اور بچوں میں کوئی میٹھی چیز بھی تقسیم کردیں۔

بند گوبھی کھانا
نجمہ بیگم ،کراچی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر میں کچھ مہمان آئے ہوتے ہیں اور میں باورچی خانہ میں ان کے لئے کھانا وغیرہ بنا رہی ہوتی ہوں، پھر میں تمام اشیا تیار کرکے کھانے کی میز کے اوپر رکھتی ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میری بیٹی بند گوبھی ایک پلیٹ میں بنا کر میز کے اوپر رکھ رہی ہوتی ہے اتنے میں سب مہمان آکر میز کے گرد بیٹھ جاتے ہیں اور کھانا شروع کردیتے ہیں۔ میں نے دیکھا کہ میرے میاں بھی بند گوبھی اپنی پلیٹ میں ڈال رہے ہوتے ہیں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کا دسترخوان وسیع ہو گا اور آپ مہمانوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔ آپ کے رزق میں برکت ہو گی اور کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں ترقی ہو گی۔ آپ کی عزت اور تو قیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔

باغ میں ہد ہدکی آواز
جاوید احمد،لاہور
خواب :۔ میں نے دیکھا کہ میں صبح سیر کے لئے اپنے ایک قریبی باغ میں ہوتا ہوں ۔ باغ بڑا خوبصورت اور سرسبز ہوتا ہے وہاں پر بہت زیادہ درخت ہوتے ہیں۔ میں نے دیکھا درخت کے اوپر ایک ہد ہد بیٹھی ہوتی ہے اور اپنی میٹھی آواز میں بول رہی ہوتی ہے۔ میں درخت کے نیچے کھڑا ہو کر اُس کی آواز کو سنتا ہوں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے کہ جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہو گی۔ کسی کام کے سلسلہ میں آپ کو کامیابی نصیب ہو گئی ۔ علم اور حکمت میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں اضافہ ہو گا جس سے تنگ دستی اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

دکان میں بندش
نسیم احمد،فیصل آباد
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری گارمنٹس کی دکان پر کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے تالا لگ چکا ہے۔ میں یہ خواب دیکھ کر بہت پریشان ہوں ۔ اصل میں میری دکان بہت مشکل سے چل رہی ہے اور گھر میں اکثر اوقات کھانے پینے کی بہت تنگی ہوتی ہے۔ آپ مہربانی فرما کر کوئی نقش ارسال کردیں۔
تعبیر:۔ یہ خواب اِس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی و غم اور خوف مسلط ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ و ایمان میں رکھے۔ آپ کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں ۔ رات کو بعداز نماز عشاء اوّل وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ دورد شریف کے ساتھ 41 مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ۔ انشاء اللہ وسائل میں بہتری آئے جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔