قائد اعظم ٹرافی اسلام آباد گروپ ون کی دوسری پوزیشن پر قابض

پشاور سے میچ ڈرا، سپر ایٹ رائونڈ سے قبل ساتواں اور آخری مرحلہ کل شروع ہوگا۔


Sports Reporter January 30, 2013
رضوان احمد کامیاب ترین بیٹسمین، بولرز میں عاطف مقبول سب سے آگے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے رائونڈ میں اسلام آباد اور پشاور کا میچ ڈرا ہوگیا۔

وفاقی دارلحکومت کی ٹیم نے18 پوائنٹس کے ساتھ گروپ ون میں دوسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا، ٹورنامنٹ میں سپر ایٹ رائونڈ سے قبل ساتواں اور آخری مرحلہ جمعرات سے شروع ہوگا، موصولہ اطلاعات کے مطابق چھٹے رائونڈمیں ارباب نیاز اسٹیڈیم میں اسلام آباد نے بغیرکسی نقصان کے52 رنز سے نامکمل دوسری اننگز دوبارہ شروع کی،کامیابی کے لیے364 رنزکا تعاقب کرنے والی مہمان ٹیم کے راحیل مجید33 اور شاہ مسعود 13 رنز کے ساتھ کریز پر آئے، راحیل اپنے ذاتی اسکور میں4 رنزکا اضافہ کرکے لوٹ گئے، شاہ مسعود نے 37 رنز بنائے۔

89ویں اوور کے اختتام پر جب اسلام آباد کا اسکور5 وکٹ پر221 رنز تک پہنچا تو میچ ڈرا ہونے کا اعلان کر دیا گیا،عماد وسیم نے52 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے شامل تھے، زوہیب احمد15 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ، عمر فاروق نے 2وکٹیں اپنے نام کیں،اسلام آباد نے اپنی پہلی اننگز میں 179 رنز بنائے تھے، قبل ازیں پہلی باری میں103رنز پر آئوٹ ہونے والی پشاور کی ٹیم نے دوسری اننگز میں اسرار کے 155رنز کی بدولت 439 رنز جوڑے تھے۔14 ٹیموں کے ایونٹ میں چھٹے رائونڈ کے اختتام پرگروپ ون میں کراچی بلوز5 میچز میں27 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

اس نے2 میچز جیتے جبکہ3 ڈرا ہوئے،گروپ میں دوسری پوزیشن کی حامل اسلام آباد نے5میں سے ایک میچ جیتا، ایک میں ناکامی ہوئی جبکہ 2 ڈرا پر ختم ہوئے، سیالکوٹ نے12، لاہور راوی نے9 اور ملتان نے 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں ، اس گروپ سے کوئٹہ اور پشاور کے 6 فروری سے شروع ہونیوالے سپر ایٹ مرحلے میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے،گروپ بی میں راولپنڈی نے 5 میچز میں27 پوائنٹس کیساتھ برتری قائم کر لی، ٹیم نے3 میچز جیتے،ایک میں ناکامی ہوئی جبکہ 2 ڈرا ہوئے، کراچی وائٹس اورلاہور شالیماراپنے5 میچزکھیلنے کے بعد21،21 پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن پر قابض ہیں۔



انھوں نے اپنے2 میچز جیتے ، ایک میں شکست ہوئی جبکہ2 کا فیصلہ نہ ہوسکا، حیدرآباد 15 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ کی دوڑ میں شریک ہے، 6 میچزکھیلنے کے بعد15 پوائنٹس کی حامل ایبٹ آباد کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی، علاوہ ازیں محض3 پوائنٹس پانے والی بہاولپور اور فیصل آباد کی سائیڈزکا بھی سپر ایٹ مرحلہ کھیلنے کا خواب ادھورا رہ گیا،فیصل آباد ٹورنامنٹ کی واحد ٹیم ہے جو کوئی بھی پوائنٹ حاصل نہ کر سکی، چھٹے مرحلے کے اختتام پر حیدرآباد کے رضوان احمد سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں، انھوں نے5 میچز کی9 اننگز میں73.87 کی اوسط سے591 رنز بنائے،اس میں4 سنچریاں اور ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔

اب تک اننگزکا سب سے زیادہ اسکور 225 رنز بنانے والے کراچی بلوزکے اکبر رحمان نے 7اننگز میں 3بار ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 120.25 کی اوسط سے481 رنز بنائے ہیں، 210 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے کوئٹہ کے اسد علی نے 464 رنز سمیٹے، ایبٹ آباد کے یاسر حمید نے441 اور راولپنڈی کے عمر وحید نے426رنز اپنے نام کیے،بولنگ میں کراچی وائٹس کے آف اسپنر عاطف مقبول10 اننگز میں37 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں،انھوں نے7 وکٹیں لے کر اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑی آئوٹ کرنے کا اعزاز بھی پایا ہے،لاہور شالیمار کے اعزاز چیمہ 30 وکٹوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔

لاہور راوی کے عدنان رسول 26،ایبٹ آباد کے احمد جمال24، راولپنڈی کے صدف حسین اور ایبٹ آباد کے یاسر شاہ 23،23 وکٹیں حاصل کر چکے۔دریں اثناء قائد اعظم ٹرافی کا چھٹا رائونڈ جمعرات سے مختلف وینیوز پر شروع ہوگا، گروپ ون میں اسلام آباد کے ڈائمنڈ گرائونڈ پر میزبان ٹیم کراچی بلوز کا سامنا کریگی، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سیالکوٹ کا مقابلہ میزبان سے ہوگا،لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر پشاور کی ٹیم لاہورراوی کی میزبانی کا لطف اٹھائے گی۔

گروپ بی میں قذافی اسٹیڈیم میں لاہور شالیمار اور حیدرآباد کی ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کیلیے فیصلہ کن جنگ لڑیںگی،پنڈی اسٹیڈیم میں بہاولپور میزبان ٹیم کے خلاف رسمی مقابلہ کرے گا، سپر ایٹ سے باہر ہونے والی فیصل آباد کی ٹیم آزاد کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میںکراچی وائٹس کیخلاف صف آرا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں