ورلڈ کپ کوالیفائنگ قومی ہاکی ٹیم آج آئرلینڈ سے لندن پہنچے گی

تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی بھرپور پریکٹس، بیلفاسٹ میں نماز جمعہ کے بعد کامیابی کیلیے خصوصی دعائیں

ٹیم منیجمنٹ عمدہ کارکردگی کیلیے پرعزم۔ فوٹو: فائل

LOS ANGELES:
ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلیے پاکستان ہاکی ٹیم کا آئرلینڈ مشن مکمل ہوگیا۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ 2014 سے محروم رہنے والی پاکستان ہاکی ٹیم آئندہ برس بھارت میں شیڈول عالمی کپ تک رسائی حاصل کرنے کیلیے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا چیلنج درپیش ہے۔ ایونٹ میں شرکت سے قبل قومی ٹیم آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ہفتے کو آئرلینڈ سے لندن پہنچے گی، یاد رہے کہ آئرلینڈ کے دورے کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم نے عالمی رینکنگ میں نویں پوزیشن پر براجمان آئرلینڈ کیخلاف 3 میچوں کی سیریز میں حصہ لیا جس میں عبدالحسیم الیون کو 2-0 سے شکست کا سامنا رہا۔

سیریز کا پہلا میچ 2-2 گول سے برابر رہا تاہم دوسرے اور تیسرے میچ میں قومی ٹیم کو 3-2 سے ہزیمت کا سامنا رہا، بعد ازاں آئرلینڈ کی انڈر21ٹیم کے خلاف بھی 2 میچوں کی سیریز کھیلی گئی جس میں گرین شرٹس نے کلین سوئپ مکمل کیا، 8 اور 9 جون کو بلفاسٹ میں ہی تربیتی کیمپس کا اہتمام کیا گیا جس میں میزبان ملک کے ساتھ مقابلوں میں نظر آنے والی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی کھلاڑیوں کی خصوصی مشقوں کا سلسلہ جاری رہا، ہیڈ کوچ خواجہ محمد جنید نے دوسرے سپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کو خصوصی ڈرلز کروائیں، ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں نے پہلے مرحلے میں10 تا 12بجے تک اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی۔

بعد ازاں وہاں کے اسلامک سینٹر میں جمعہ کی نماز ادا کی جس میں کھلاڑیوں نے پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی کیلیے خصوصی طور پر دعائیں کیں۔ شام کے اوقات میں ٹیم منیجمنٹ نے کھلاڑیوں کے ساتھ خصوصی میٹنگز کیں جس میں انھیں خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔


ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کیلیے پاکستان ٹیم عبدالحسیم خان کی قیادت میں ہفتے کو لندن جائے گی، کھلاڑیوں میں امجد علی، مظہر عباس، نواز اشفاق، علیم بلال، ابوبکر محمود، محمد رضوان جونیئر، عاطف مشتاق، تصور عباس، عماد شکیل بٹ، عمر بھٹہ، محمد عرفان جونیئر، ارسلان قادر، علی شان، محمد دلبر، اعجاز احمد، عبدالحسیم خان، اظفر یعقوب اور عمیر سرفراز جبکہ ٹیم آفیشلز میں خواجہ محمد جنید ہیڈ کوچ، حنیف خان ٹیم منیجر، کرنل محسن اسسٹنٹ ٹیم منیجر و دیگرشامل ہیں۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ 15جون سے شروع ہوکر 25 جون تک لندن میں جاری رہے گا، ایونٹ میں شریک ٹیموں کوپول اے اور پول بی گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں ارجنٹائن، چین، انگلینڈ، کوریا اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ پول بی میں کینیڈا، بھارت، ہالینڈ، پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کو رکھا گیا ہے۔

پول بی میں شامل پاکستانی ٹیم افتتاحی میچ 15 جون کو ہالینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ اگلے روز گرین شرٹس کا مقابلہ کینیڈا کے ساتھ شیڈول ہے، 18 جون کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کیخلاف میدان میں اترے گی جبکہ 19 مئی کو پاکستان کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے، ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے22 جون جبکہ سیمی فائنل میچز 24 جون کو ہوں گے، فائنل 25 جون کو شیڈول ہے۔

ادھر ہیڈ کوچ خواجہ محمد جنید اور اسسٹنٹ ٹیم منیجر کرنل محسن کا کہنا ہے کہ دورۂ آئرلینڈ کے دوران اہداف حاصل کر لیے ہیں، ٹیم کی تیاریاں بھرپور ہیں، کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور عمدہ کارکردگی کیلیے پرعزم ہیں۔

''ایکسپریس'' سے بات چیت میں خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا کے بعد آئرلینڈ کے دوروں کی وجہ سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ورلڈ ہاکی لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ 2018 تک کوالیفائی کرنے کیلیے پرعزم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم میگا ایونٹ کے دوران کسی بھی میچ کو آسان نہیں لیں گے بلکہ بھرپور تیاریوں کیساتھ میدان میں اتریں گے اور میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے، کرنل محسن کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد عالمی کپ تک رسائی ہے، بھرپور محنت اور قوم کی دعاؤں سے اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
Load Next Story