بھارتی ہیڈ کوچ انیل کمبلے کو برقرار رکھنے کا امکان

دورئہ ویسٹ انڈیز میں ذمے داری نبھاسکتے ہیں، بی سی سی آئی قائم مقام صدر سی کے کھنہ کی تجویز

دورئہ ویسٹ انڈیز میں ذمے داری نبھاسکتے ہیں، بی سی سی آئی قائم مقام صدر سی کے کھنہ کی تجویز۔ فوٹو: فائل

انیل کمبلے کو مزید ایک سیریزکیلیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

سی کے کھنہ کا کہنا ہے اگر کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی ( سی اے سی ) نے کمبلے کو بھارتی ٹیم کا کوچ برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کیا تو پھر نئے کوچ کا تقرر کرنے کیلیے ہمارے پاس وقت نہیں ہوگا ، لہذا میں تو یہی تجویز کروں گا کہ کمبلے کو ہی کام جاری رکھنے کا کہا جائے، چیمپئنز ٹرافی 18 جون کو مکمل ہوگی جبکہ ویسٹ انڈیز سے بھارت کا پہلا میچ 23 جون کو شیڈول ہے۔


بورڈ کے آفیشل راجیو شکلا نے سینئر ممبران سے بات کرکے ان کا نقطہ نظر جان لیا ہے، یہ معاملہ 26 جون کو بھارتی بورڈ کے سالانہ جنرل اجلاس میں زیر غور آئیگا، ہمیں اس وقت تک نئے تقرر کا عمل روکے رکھنا ہے، بورڈ کے اکثر ممبران میری بات سے اتفاق کرتے ہیں۔

دوسری جانب بی سی سی آئی آفیشل نے میڈیا کو بتایا کہ بی سی سی آئی صدر سی کے کھنہ کا خیال ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ابھی جاری ہے، لہذا بھارتی ٹیم کے کوچ پر ابھی کوئی فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہوگا، کمبلے کو ایک اور سیریز کیلیے معاہدے میں توسیع دے دینی چاہیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سی اے سی نے نیا کوچ منتخب کربھی لیا تو اس کی منظوری 26 جون کو بورڈ اجلاس میں ہی مل پائے گی۔

واضح رہے کہ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی سارو گنگولی، سچن ٹنڈولکر اور وینکٹ لکشمن پر مشتمل ہے، سی کے کھنہ کمبلے کو ویسٹ انڈیز سے سیریز تک ذمے داری پر برقرار رکھے جانے کے حامی ہیں، کمبلے کے علاوہ بھارتی ٹیم کے کوچنگ امیدواروں میں سہواگ، ٹام موڈی، رچرڈ پائی بس ، لال چند راجپوت ارو ڈوڈا گنیش شامل ہیں۔
Load Next Story