گرمی میں کمی کے باوجود طویل لوڈ شیڈنگ آج پھر بارش کی خوشخبری

بجلی کی طلب 22 ہزار، پیداوار 17 ہزار میگاواٹ، دیہات میں14،شہروں میں12گھنٹے بندش

پرویزخٹک کے الزام کی تردید، ڈسٹری بیوشن سے تعلق نہیں، واپڈا کا کام بجلی چوری پکڑناہے،ترجمان۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

گرمی کی شدت میں کمی کے باوجو دملک میں بجلی کا بحران اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کا شارٹ فال 5ہزار 650میگاواٹ ہوگیا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، بنوں، کوہاٹ، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ملتان ڈویڑن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

واپڈا ترجمان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوااس بیان کی جس میں انھوںنے واپڈا پر بجلی کی چوری میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیاہے تردید کرتے ہوئے کہاکہ بجلی چوری پکڑنا واپڈا کاکام ہے۔ واپڈا پر لگایا گیا مذکورہ الزام شایدکسی غلط فہمی کا نتیجہ ہے کیونکہ پاور سیکٹر میں متعارف کرائی جانیوالی اصلاحات اور2007میں واپڈا کے پاور ونگ کی تنظیم نو کے بعد بجلی کے معاملات سے واپڈا کا کوئی تعلق نہیں اور اس کا دائرہ کار صرف پانی اور پن بجلی کے نئے منصوبوں کی تعمیر اور موجودہ پن بجلی گھروں کے انتظام اور ان کی دیکھ بھال تک محدود ہے، پن بجلی کی پیداوار کے علاوہ بجلی کے تمام امور سرکاری شعبہ میں قائم مختلف جنریشن کمپنیوں ، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اورپاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے دائرہ کار میں شامل ہیں اور ان کمپنیوں کا واپڈا سے کوئی تعلق نہیں۔
Load Next Story