متحدہ کے ایم پی اے جمال احمد پر فائرنگ ملزم فرار

کوئی نقصان نہیں ہوا، واقعہ شادمان ٹاؤن میں گھر کے باہر پیش آیا، تحقیقات شروع

کوئی نقصان نہیں ہوا، واقعہ شادمان ٹاؤن میں گھر کے باہر پیش آیا، تحقیقات شروع۔ فوٹو: فائل

شادمان ٹاؤن میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی جمال احمد قاتلانہ حملے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی اور جائے وقوع پر موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

ایس ایچ او عبدالغفار سندھو کا کہنا ہے کہ جمال احمد نے بتایا کہ وہ گھر سے جانے کیلیے باہر نکلے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر ایک مشکوک شخص آیا اور اس نے اسلحہ نکالا تو میرا پولیس گارڈ بھی پیچھے سے آگیا جسے دیکھ کر ملزم نے فائرنگ کر دی جبکہ گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے، انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے 30 بور پستول کے خول اور ایک موٹر سائیکل جو ملزمان کی تھی اور وہ موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے اپنے قبضے میں لے لی ہے۔


پولیس نے واقعے کی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جس میں ایک مسلح شخص کو دیکھا جا سکتا ہے جس نے فائرنگ کی تاہم ابتدائی طور پر اطلاع ملی تھی کہ رکن سندھ اسمبلی کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی ہے تاہم گاڑی پر گولی لگنے کا کوئی نشان نہیں ہے، تحقیقات سے ایسا لگتا ہے کہ فائرنگ کرنے والا کوئی اسٹریٹ کرمنل تھا جو لوٹ مار کی نیت سے آیا تھا تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں واقعے سے متعلق اور مقدمے کے اندراج کے حوالے سے ایس ڈی پی او شادمان ٹاؤن ڈی ایس پی مشتاق تنولی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے واقعے سے متعلق کچھ بھی نہیں معلوم اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ جو موٹر سائیکل جائے وقوع سے ملی ہے وہ کس کی ہے جو کچھ پتہ کرنا ہے تھانے سے معلوم کیا جائے۔
Load Next Story