کاروباری مراکز میں اب لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی کے الیکٹرک

عوام کی مشکلات کم کرنے کیلیے عملی اقدامات،واضح حکمت عملی بنائی جائے، فرپو

ڈائریکٹرز کا کراچی چیمبر میں اجلاس، بازاروں میں فوکل پرسن تعینات کرنے کی استدعا۔ فوٹو؛ فائل

PESHAWAR:
کے الیکٹرک کے نمائندوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کو رمضان المبارک کے باقی دنوں میں صنعتی علاقوں، تجارتی مارکیٹوں اور بازاروں میں اب سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

کے الیکٹرک کے نمائندوں نے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر کے سی سی آئی کے عہدیداران اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ خریداری کا مصروف سیزن شروع ہو نے والا ہے لہٰذا کے الیکٹرک اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عوام خوشگوار ماحول میں عیدالفطر کی خریداری کریں اور صنعتی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہیں اور انہیں کے الیکٹرک سے کوئی شکایت لاحق نہ ہو۔ اس ضمن میں کے الیکٹرک کا مرمتی عملہ صنعتی علاقوں، تجارتی مراکز اور بازاروں میں تعینات کیاجائے گا تاکہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

یہ تمام یقین دہانیاں کراچی چیمبر میں ایک اجلاس کے دوران کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرز عامرنعیم، ڈائریکٹر فنانس عامر غازیانی، ڈائریکٹر ریجن ون شیخ ہمایوں صغیر اور کے الیکٹرک کے دیگر افسران نے کروائی جبکہ کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو، سینئر نائب صدرآصف نثار، چیئرمین پبلک سیکٹر یوٹیلیٹیز سب کمیٹی عظیم علوی، ایڈوائزر برائے سب کمیٹی ڈاکٹر قاضی احمد کمال اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔


کے الیکٹرک کے نمائندوں نے کراچی چیمبر سے درخواست کی کہ وہ مختلف تجارتی مراکز اور بازاروں کے لیے فوکل پرسن کی نام اور تفصیلات فراہم کریں تاکہ کے الیکٹرک کے متعلقہ مرمتی عملے سے ان کا رابطہ استوار کرایا جاسکے جس سے بجلی کے تعطل کو فوری دور کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ انہوں نے عوام کو بجلی کے تعطل کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے تعطل میں اچانک اضافے کی وجوہات بیان کیں جن میں نیشنل گرڈ سے سپلائی میں کٹوتی اور حد سے زیادہ نمی شامل ہیں جبکہ ان سے نمٹنے کے لیے نئی لائنوں کو نصب کیا جا رہا ہے۔

کے الیکٹرک کے نمائندوں نے آنے والے دنوں میں صورتحال بہتر ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے بتایاکہ چین کی شنگھائی الیکٹرک کمپنی کے الیکٹرک کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے خطیر سرمایہ کاری کی حکمت عملی وضع کررہی ہے۔ یہ تمام اقدامات کے الیکٹرک کو بجلی کی پیداوار میں خودکفیل بنانے کے لیے کیے جارہے ہیں اور 2020 تک یہ ادارہ خود کفالت حاصل کرلے گا جس کے بعد نیشنل گرڈ سے بجلی لینے کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی۔

علاوہ ازیں اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو نے کے الیکٹرک پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک میں واضح حکمت عملی اختیار کرے کہ کس طرح عوام کی مشکلات کو کم سے کم کرتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کرنے کے عملی اقدامات کیے جائیں۔
Load Next Story