بھارت نے جنوبی افریقا کو شکست دیدی

جنوبی افریقا کو شکست دیکر بھارت نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا


ویب ڈیسک June 11, 2017
بھارت کی جانب سے شیکھر دھون نے 78 اور ویرات کوہلی نے 76 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گیارہویں میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 191 رنز کا ہدف دیا جو بھارت نے 38ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا، بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور شیکھر دھون نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی صرف 23 رنز کی شراکت داری قائم کرسکے جس کے بعد روہت شرما 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ شیکھر دھون نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 151 کے مجموعی اسکور پرعمران طاہر کا نشانہ بنے، اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور یوراج سنگھ نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 38 ویں اوورز میں ہدف حاصل کرلیا، ویرات کوہلی نے 76 اور یوراج سنگھ نے 23 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مورنی مورکل اور عمران طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44 ویں اوور میں 191 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاشم آملہ تھے جو 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 116 کے مجموعی اسکور پر کوئنٹن ڈی کوک بھی پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈویلیئرز 16 اور ڈیوڈ ملر ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ فاف ڈوپلیسی بھی 36 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ جے پی ڈومینی 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم کوئی بھی دوسرا کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

بھارت کی جانب سے بھویشنور کمار اور جسپریت بمراہ نے 2، 2 جب کہ ایشون، پانڈیا اور جڈیجہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقا کے 3 بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔