سری لنکا کو شکست دیکر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

61 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر سرفراز احمد کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔


ویب ڈیسک June 12, 2017
جنید خان اور حسن علی نے 3،3 جب کہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔۔ فوٹو: اے ایف پی

چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے پاکستان کو 237 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے 7 وکٹ کے نقصان پر 45ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے اظہر علی اور فخر زمان نے ٹیم کو 74 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جب کہ فخر زمان نے اپنے کیرئیر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور وہ 34 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ بابر اعظم کی صورت میں گری وہ 10 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ بھی صرف ایک ہی رنز بناسکے۔ لکمل نے اظہر علی کو 34 رنز پر آؤٹ کرکے سری لنکا کو چوتھی کامیابی دلائی۔



تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلیے 21 رنز کی شراکت قائم کی لیکن شعیب ملک لیستھ ملنگا کی گیند پر غلط شارٹ مارتے ہوئے وکٹ کیپیر کو کیچ دے بیٹھے، وہ 11 رنز ہی بناسکے جس کے بعد عماد وسیم کپتان کا ساتھ دینے کیلیے گراؤنڈ میں آئے لیکن وہ بھی صرف 4 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فہیم اشرف جارحانہ موڈ میں دکھائی دیے اور انہوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز بنائے تاہم بدقسمتی سے وہ رن آؤٹ ہوگئے۔



سات وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلارہے تھے ایسے میں کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کے ساتھ ملکر آٹھویں وکٹ کی لیے 75 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور تحمل مزاجی سے بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کو فتح سے بھی ہمکنار کرواکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی جب کہ محمد عامر نے بھی 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کپتان کا بھرپور ساتھ دیا۔



اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سری لنکا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گناتھیلاکا تھے جنہیں 26 کے مجموعی اسکور پر جنید خان نے آؤٹ کیا، وہ 13 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد مینڈس اورڈکویلا نے تیزی سے رنز بنانا شروع کیے تاہم 82 کے مجموعی اسکورپرحسن علی نے مینڈس کو کلین بولڈ کردیا، انہوں نے 27 رنز بنائے جب کہ اگلے ہی اوورمیں ڈیبیوکرنے والے فہیم اشرف نے چندیمل کو صفرکے انفرادی اسکورپربولڈ کردیا۔



آئی لینڈرز کے کپتان میتھیوز بھی 39 رنز بنا کر محمد عامر کے ہاتھوں بولڈ ہوئےجن کے بعد وکٹیں گرنے کاسلسلہ شروع ہوگیا اور ان کے بعد نئے آنے والے کھلاڑی ڈی سلوا اگلے ہی اوورمیں جنید خان کی گیند پرپویلین لوٹ گئے جبکہ اگلے ہی اوور میں محمد عامر نے ڈکویلا کا شکار بھی کرلیا وہ 73 رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے،ان کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین پریرا بھی ایک رنز بنا کر جنید خان کا شکار ہوگئے۔ گناراتنے نے لکمل کے ساتھ ملکر کی آٹھویں وکٹ کیلیے 46 رنز کی اہم شراکت قائم کی، لکمل 26 اور گناراتنے 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔



پاکستان کی جانب سے جنید خان اور حسن علی نے 3،3 جب کہ محمد عامر اور نوجوان فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب فتح کے بعد بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جیت کا سہرا ہمارے بالرز کو جاتا ہے، محمد عامر کو بھی جیت کا کریڈٹ دوں گا کیوں کہ اس نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور میرا بھرپور ساتھ دیا جب کہ عامر سے کہا تھا کہ نارمل کرکٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فخرزمان اچھے کھلاڑی اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔

واضح رہے ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 14 جون کو ہوگا جس میں پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جب کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل 15 جون کو بھارت اور بنگلا دیش کے مابین ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |