بھارت میں پیرا ایتھلیٹ سے ٹرین حکام کا ناروا سلواک

برتھ دی نہ اوڑھنے کیلیے کمبل فراہم کیے، سورانا وزیر کو معاملے سے آگاہ کریں گی


Sports Desk June 12, 2017
مجھے ٹوائلٹ کے باہر فرش پر سوکر سفر کرنا پڑا۔ فوٹو: نیٹ

بھارت میں پیرا ایتھلیٹ سورانا راج نے ریلوے میں زیریں برتھ نہ دیے ٹرین کے فرش پر سوکر رات گزاردی، مبینہ طور پر معذور ایتھلیٹ کوریلوے حکام نے نیچے کی برتھ دینے سے انکار کردیا تھا۔

سورانا راج ناگپور سے دہلی کا سفر غریب رتھ ٹرین میں کررہی تھیں، پیرا ایتھلیٹ کو ابتدائی طور پر اوپر کی برتھ الاٹ کی گئی تھی، لیکن جب سورانا نے ریلوے حکام سے رابطہ کرکے درخواست کی تھی کہ انھیں جسمانی معذوری کے پیش نظر نیچے کی برتھ دے دی جائے تاہم انھیں نشستیں دستیاب نہ ہونے کا جواب دیکر ٹرخادیاگیا تھا۔

سورانا نے ریلوے حکام کی سنگدلی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ میں نے آخرمیں ان سے فرش پر سونے کیلیے کمبل طلب کیا تھا، لیکن انھوں نے یہ بھی مجھے فراہم نہیں کیا، تاہم اس صورتحال میں مجھے ٹوائلٹ کے باہر فرش پر سوکر سفر کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ سورانا پولیو کی وجہ سے 90 فیصد تک معذور ہیں، وہ اس معاملے پر وزیر ریلوے سریش پربھو سے ملاقات کرکے انھیں اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک سے آگاہ کرنا چاہتی ہیں، سورانا نے تھائی لینڈ پیرا ٹیبل ٹینس اوپن 2013 میں شرکت کرتے ہوئے دو میڈلز بھی جیتے ہیں، اس کے علاوہ وہ 2014 میں جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین پیرا گیمز میں بھی بھارت کی نمائندگی کا اعزاز رکھتی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں