شارٹ فال کے باوجود آئندہ سال 4 لاکھ نئے گیس کنکشنز دینے کا فیصلہ

شارٹ فال 6 ارب 71 کروڑ مکعب فٹ یومیہ، مقامی فراہمی میں 2 ارب 33کروڑمکعب فٹ یومیہ کی کمی ہوجائے گی


علیم ملک June 12, 2017
سوئی ناردرن 3لاکھ، سوئی سدرن 1 لاکھ 14 ہزار 630 نئے کنکشنز جاری، سب سے زیادہ پنجاب میں دیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON: وفاقی حکومت نے ملک میں گیس کی قلت کے باوجودآئندہ سال 4 لاکھ 14 ہزار سے زائد نئے گیس کنکشنز دینے کا فیصلہ کیا ہے، سب سے زیادہ گیس کنکشنز پنجاب کے حصے میں آئیں گے۔

ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق آئندہ سال میں سوئی نادرن 3لاکھ نئے گیس کنکشنز جاری کرے گی جبکہ سندھ اور بلوچستان کو گیس فراہم کرنے والی کمپنی سوئی سدرن 1 لاکھ 14 ہزار 630 نئے گیس کنکشنز جار ی کرے گی۔ موجودہ گیس صارفین کیلیے مطلوبہ گیس دستیاب نہ ہونے کے باوجود نئے گیس کنکشنز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وقت ملک میں گیس کا موجودہ شارٹ فال 1ارب72کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہے۔ گیس کی طلب 5ارب 85کروڑ اور گیس کی فراہمی 4ارب 13کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک میں گیس صارفین کی مجموعی تعداد 86لاکھ 80ہزار ہے جس میں گھریلو صارفین کی تعداد سب سے زیادہ 85لاکھ 88ہزار،کمرشل 81ہزار 384اور انڈسٹریل صارفین کی تعداد 10ہزار 862 تک پہنچ گئی ہے۔ گیس کمپنیاں سالانہ اوسط تین لاکھ نئے گیس کنکشنز دے رہی ہیں۔

دستاویز کے مطابق اگلے تیرہ سال کے دوران بھی ملک سے گیس بحران ختم نہیں ہوگا۔ 2030تک ایل این جی، آئی پی، ٹاپی گیس درآمد کرنے کے باوجود گیس کی قلت ختم نہیں ہوگی۔ گیس کا شارٹ فال بڑھ کر 6ارب 71کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہوجائے گا اور مقامی گیس کی فراہمی میں 2 ارب 33 کروڑ مکعب فٹ یومیہ کی تشویش ناک حد تک کمی ہوجائے گی۔ دستاویز کے مطابق 2030 تک ملک کے گھریلو گیس صارفین کی طلب موجودہ 840 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھ کر 1 ارب 79 کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہوجائے گی۔

اسی طرح ملک میں گیس کی طلب میں اضافے اور مقامی گیس ذخائر میں کمی کے باعث تیرہ سال بعد ملک کی گیس طلب موجودہ 5ارب 85کروڑفٹ یومیہ سے بڑھ کر 8ارب 12کروڑمکعب فٹ یومیہ ہوجائے گی جبکہ مقامی گیس کی فراہمی 2ارب 33کروڑ مکعب فٹ یومیہ کمی کیساتھ موجودہ 3ارب 73کروڑ مکعب فٹ یومیہ سے کم ہوکر 1ارب 40کروڑمکعب فٹ یومیہ رہ جائے گی۔

دستاویز کے مطابق2030تک اگر صرف مقامی گیس پر انحصار رہا تو گیس کا شارٹ فال 6ارب 71کروڑ مکعب فٹ یومیہ تک بڑھ جائے گا اورگیس درآمد کرنے کیساتھ شارٹ فال 2ارب 83کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہوگا۔تیرہ سال بعد ملکی و درآمدی گیس کی فراہمی 5ارب 28 کروڑمکعب فٹ یومیہ ہوگی اور مقامی گیس کی فراہمی کاتخمینہ1ارب 40کروڑ مکعب فٹ یومیہ لگایا گیا ہے۔ 2030میں ایل این جی سے 1800ایم ایم سی ایف ڈی، ٹاپی سے 1325 اور آئی پی سے 750ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں